پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور پاکستان، انگلینڈ و سری لنکا کے درمیان ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے قومی سکواڈز کا اعلان کردیا۔
ہم نیوز کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں صاحبزادہ فرحان قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ ون ڈے ٹرائی سیریزمیں شاہین شاہ آفریدی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
پاکستان اورسری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچزراولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر کو ہوگا، دوسرا میچ 11 اکتوبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان
سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان کے علاوہ عبدالصمد اور عالمی نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بولرابراراحمد بھی شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز اور محمد عمران رندھاوا کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ خواجہ نافع بطور وکٹ کیپر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
معاذ صداقت، نسیم شاہ، رضا اللہ اور صائم ایوب بھی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل ہیں، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم کو بھی 15 رکنی سکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔
📢 Pakistan squads announced for the three-match Sri Lanka T20I series and ODI tri-series featuring Sri Lanka and England 🇵🇰🏏
#PAKvSL | #PAKvENG | #BackTheBoysInGreen https://t.co/c8rT4BVr0S
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 5, 2026
سلمان علی آغا ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے فارغ
کرک انفو کے مطابق سلمان علی آغا کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے اور انہیں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے۔
حال ہی میں ایشین گیمز میں پاکستان کو سلورمیڈل دلوانے والی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف آئندہ تین میچز پرمشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔
اس سیریز کے ساتھ شان ٹیٹ کی پاکستان کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے واپسی بھی ہوئی ہے، شان ٹیٹ اس سے قبل فروری 2022 سے ایک سال تک پاکستان کے بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی ون ڈے ٹیم کے کپتان برقرار
پاکستان، انگلینڈ اورسری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز بھی کھیلی جائے گی، ٹرائی سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ باقی لیگ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
16 رکنی ون ڈے سکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے، ون ڈے سکواڈ میں ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس اور سابق کپتان بابراعظم شامل ہیں۔
فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری اور حارث رؤف بھی ون ڈے سکواڈ کا حصہ ہیں، جبکہ حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ اور سعد بیگ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی 16 رکنی ون ڈے سکواڈ میں شامل ہیں۔
مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ بولنگ کوچ مقرر
پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ میں مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ اور سابق پاکستانی بولنگ کوچ شان ٹیٹ کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، مائیکل سمتھ بیٹنگ کوچ جبکہ منصور امجد فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
نوید اکرم چیمہ پاکستان ٹیم کے منیجر ہوں گے، راولپنڈی میں ہونے والے میچز کے لیے شفقت شبیر جبکہ لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے سید نذیر احمد کو میڈیا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔
ٹیم کے سیکیورٹی منیجر کی ذمہ داری کرنل عثمان انواری کو سونپی گئی ہے جبکہ ڈاکٹر واجد علی رفاعی ٹیم ڈاکٹر ہوں گے۔
پاکستانی ٹیم کے لیے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور اس کے بعد ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز اہم ہوں گی، جہاں قومی کھلاڑیوں کو مختصر فارمیٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔
راولپنڈی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد ون ڈے ٹرائی سیریز کا سلسلہ بھی شروع ہوگا، جس میں پاکستان کے ساتھ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔



