بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان نیو چندی گڑھ میں کھیلے گئے تیسرے اور سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں سست اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے مطابق چندی گڑھ میں تیسرے اور آخری ون ڈے میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز سے 4 اوورز جبکہ ویسٹ انڈیز 2 اوورز پیچھے رہی۔
The ICC have handed down sanctions to both sides following the third and final ODI between India and West Indies 🏏
https://t.co/CkqdR9hLxk
— ICC (@ICC) October 5, 2026
بھارت پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ویسٹ انڈیز پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔آئی سی سی کے مطابق دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانہ قبول کرلیا۔
ویسٹ انڈیز تیسرے ون ڈے میں فاتح رہا
ویسٹ انڈیز تیسرے اور آخری ون ڈے میں میدان میں اترنے سے قبل سیریز میں 0-2 سے پیچھے تھا۔ بھارت نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے ون ڈے میں بھی بھارت نے8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
دوسرے ون ڈے میں بھارت نے ریکارڈ ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کی تھی۔
تاہم نیو چندی گڑھ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کم بیک کیا اور بھارت کی جانب سے دیے گئے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 143 گیندوں پر ناقابل شکست 162 رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز نے بھارت کے 351 رنز کے ہدف کو عبور کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا کامیاب ہدف حاصل کیا اور بھارت کو5 وکٹوں سے شکست دی۔
گِل اور ہوپ سیریز کے کامیاب ترین بلے باز
سیریز میں بھارت کے کپتان شبمن گِل اور ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
شبمن گِل نے تین میچز میں110، ناقابل شکست 223 اور ایک رن کی اننگز کھیلیں اور مجموعی طور پر 334 رنز بنا کر سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔
شائی ہوپ نے تین میچز میں 12، 104 اور ناقابل شکست 162 رنز بنائے اور278 رنز کے ساتھ سیریز میں دوسرے نمبر پر رہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا کل سے آغاز
ون ڈے سیریز کے بعد بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں اب پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل لکھنؤ میں کھیلا جائے گا۔



