پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کی تحصیل لیاقت پور میں فیروزہ ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین پٹڑی سے اتر گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثہ علی الصبح ساڑھے 6 بجے کے قریب پیش آیا،مال بردار ٹرین کراچی سے قلعہ ستار شاہ آرہی تھی۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
حادثے کے نتیجے میں انجن سمیت 7 ڈبے پٹڑی سے اترے جبکہ 6 الٹ گئے جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت جزوی طور پر معطل ہوگئی، امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
ٹرینوں کی آمدورفت ڈاؤن ٹریک سے جاری
ترجمان ریلوے ملتان کے مطابق آج صبح 5 بج کر 25 منٹ پر قلعہ ستار شاہ اپ مال بردار ٹرین کو حادثہ پیش آیا جو کراچی سے آرہی تھی،ٹیکنیکل فالٹ کے باعث انجن سمیت 7 لوڈڈ بوگیاں ٹریک سے اترگئیں۔ٹریک کی بحالی کیلئے امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملتان اور سکھر سے ریلیف کرینز جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں ، اپ ٹریک بند ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت ڈاؤن ٹریک سے جاری ہے۔ بحالی آپریشن جاری ہے اس موقع پر ریلوے کے متعلقہ افسران اور عملہ بھی جائے حادثہ پر موجود ہے۔
پاکستان ریلویز میں ٹرین حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا
ملک میں رواں سال اب تک مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے 55 سے زائد حادثات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
27 اگست کی رات راول ایکسپریس کا انجن کالا گجراں کے مقام پر اوور شوٹ کر گیا،اسی روز خان پور اور لیاقت پور کے درمیان مال بردار ٹرین ڈی ریل ہوئی۔
29 اگست کو لاہور جنکشن پر فش پلیٹ ٹوٹنے سے ریل کار سبک رفتار حادثے کا شکار ہوئی ،13 اکتوبر کو رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،حادثے میں 30 افراد زخمی جبکہ 4 جاں بحق ہوئے۔
28 اکتوبرکو راولپنڈی سے لاہور جانے والی ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتریں، حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا۔
ٹرین حادثات کی روک تھام کیلئے نیا حکم نامہ جاری
ٹرین حادثات کی روک تھام کیلئے اگست 2025 میں ڈی ایس ریلویز کو نیا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔
نئے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ بریکنگ سسٹم میں خرابی والی کوچز مال گاڑی یا مسافر ٹرینوں کیساتھ لگانے پر پابندی عائد ہوگی۔
ایسی کوچز ٹرین کے ساتھ نہیں لگائی جائیں گی جن کو روکنے میں دشواری کا سامنا ہو،متعلقہ ڈیپارٹمنٹ گاڑی روانہ کرنے سے پہلے بریکنگ سسٹم لازمی چیک کرے گا۔صرف مکینیکل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کلیئر ہونے والی کوچز ہی استعمال کی جائیں گی۔

