انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ 2027 میں پاکستان کا ممکنہ سپر سیون راؤنڈ کا شیڈول سامنے آ گیا ہے، قومی ٹیم سپر سیون میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں اپنا پہلا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ایک روزہ کرکٹ میچ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ کپ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
گروپ مرحلے کا باقاعدہ آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا، جہاں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ پری ٹورنامنٹ سیڈنگز میں پاکستان کو اے تھری کا درجہ دیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف کیباخا پورٹ الزبتھ میں میدان میں اترے گی۔
30 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ وکٹوریہ فالز زمبابوے میں ہوگا، جبکہ 3 نومبر کو میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف میچ ڈربن میں کھیلا جائے گا۔
روایتی حریف بھارت کے خلاف سپرسیون راؤنڈ میں ٹاکرا 7 نومبر کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا۔ اس کے علاوہ 10نومبر کو سری لنکا اور 13 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم بلوم فونٹین میں اپنے میچز کھیلے گی۔
ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان کا بھارت اور آسٹریلیا کے ساتھ کم سے کم دو بار مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیموں کے ساتھ پاکستان کا تیسری مرتبہ فائنل یا سیمی فائنل میں بھی ٹاکرا ممکن ہے، گروپ اسٹیج میں پاک بھارت ٹاکرا10 اکتوبر کو جوہانسبرگ جبکہ پاک آسٹریلیا میچ 22 اکتوبر کو پارل میں شیڈول ہے۔
3 مراحل پر مشتمل نیا فارمیٹ
آئی سی سی کے مطابق گروپ مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ہر گروپ میں 6،6 ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور کوالیفائر بی شامل ہیں۔
The #CWC27 groups are locked ⚡🔐
A cricketing extravaganza awaits! How to watch the schedule launch ➡️ https://t.co/Eod5GoN7zW https://t.co/oVg7zVHLNF
— ICC (@ICC) October 1, 2026
ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی، دونوں گروپس سے ٹاپ تین ٹیمیں جبکہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہترین ٹیم سپر سیون مرحلے میں پہنچے گی۔
سپر سیون میں 7 ٹیمیں راؤنڈ رابن بنیاد پر کھیلیں گی اور ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹاؤن جبکہ دوسرا 18 نومبر کو تشوانے میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 21 نومبر 2027 کو جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر 22 نومبر ریزرو ڈے ہوگا۔



