بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایشیا کپ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا۔
بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، پاکستان نے 180 رنز کا ہدف آخری گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
بھارت کی جانب سے کپتان درگاہ راؤ باسٹھ اور سنجے کمار تیس رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی طرف سے بابر علی، بدر منیر اور محمد ادریس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ کامیابی پاکستان کیلیے ٹورنامنٹ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلے کو ایونٹ کے اہم ترین میچوں میں شمار کیا جا رہا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔
پاکستان نے اس سے قبل بنگلہ دیش کو 126 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں کامیاب آغاز کیا تھا، جبکہ سری لنکا کے خلاف بھی 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف افتتاحی میچ میں 244 رنز بنائے تھے، جس میں بدر منیر نے ناقابلِ شکست 88 اور طلحہ اقبال نے 68 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ سری لنکا کے خلاف محمد صفدر نے 21 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز بنا کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کر رہا ہے، جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شریک ہیں۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز ڈھاکا میں کھیلے جا رہے ہیں، جبکہ فائنل 20 نومبر کو شیڈول ہے۔



