2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، ابتدائی شیڈول کے مطابق دوسرا میچ لاہور میں کھیلا جانا تھا بعدازاں اسموگ کے باعث اسے راولپنڈی منتقل کردیا گیا تھا۔
ٹاس جیتنے کے بعد قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم 4 فاسٹ بالرزکے ساتھ میدان میں اتررہے ہیں،سری لنکا کو کم اسکور پر آؤٹ کر نے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ پچ پر ہمیں ایک اضافی فاسٹ بالر کی ضرورت تھی۔
🚨 TOSS & PLAYING XI 🚨
Pakistan win the toss and opt to field first 🪙
One change to our team for the second Test 🏏🇵🇰
#PAKvSL | #CricketKaJashan https://t.co/TJpnL4rvzh
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 17, 2026
سری لنکن ٹیم کے کپتان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پرشہر میں راولپنڈی پولیس کی جانب سے موثر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کئے گئے ہیں ۔
سی پی او کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 6000 کے قریب افسران سکیورٹی و ٹریفک فرائض سرانجام دے رہے ہیں جنہیں سینئر افسران فیلڈ میں چیک اور بریف کر رہے ہیں،روف ٹاپ پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
سی پی او نے مزید بتایا کہ مانیٹرنگ کے لئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ اور ڈولفن اسکواڈ سٹیڈیم کے اطراف گشت کر رہے ہیں۔


