پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق 19 نومبر بروز جمعرات راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کرکٹ شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہو گی اور وہ بغیر ٹکٹ میچ دیکھ سکیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے ، پاکستان نے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے تھے جبکہ مہمان ٹیم 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے ہیں، مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز کی ضرورت ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کرنے کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ کرکٹ شائقین کو اسٹیڈیم لانے اور انہیں براہ راست میچ دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
PCB announces free entry for fans on third day of Rawalpindi Test
Details here ➡️ https://t.co/pj75eLbuyU
#PAKvSL https://t.co/Rtiz4JuOf4
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 18, 2026
پی سی بی نے کرکٹ کے شائقین کو دعوت دی ہے کہ وہ وقت پر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچیں اور پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ مقابلے سے لطف اندوز ہوں۔
پی سی بی کا یہ اقدام شائقین کو طویل فارمیٹ کی کرکٹ کی جانب راغب کرنے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی اہم ہے۔ اس سے نہ صرف اسٹیڈیم میں شائقین کی موجودگی بڑھنے کی توقع ہے بلکہ کھلاڑیوں کو بھی میدان میں بھرپور تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا موقع ملے گا۔ بورڈ کی جانب سے اس اقدام کے ذریعے ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں اضافے اور عوام کو کھیل کے ساتھ جوڑے رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



