اسرائیلی فورسز نے اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے بعد غزہ پٹی کے وسطی علاقے میں بڑا فوجی آپریشن شروع کرتے ہوئے متعدد عمارتوں اور مکانات کو دھماکوں سے تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بے گھر فلسطینی اپنے خیموں اور عارضی پناہ گاہوں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کو اسرائیلی ٹینک غزہ کی مرکزی شمالاً جنوباً گزرنے والی صلاح الدین شاہراہ پر پیش قدمی کرتے ہوئے اس علاقے میں داخل ہوئے جہاں سے اسرائیلی فوج 2025 کی جنگ بندی کے تحت پیچھے ہٹ گئی تھی۔
اکتوبر 2025 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مکمل طور پر بند نہ ہونے کے باعث علاقے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصف سے زائد علاقے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا، جو بعد ازاں بڑھ کر تقریباً دو تہائی حصے تک پہنچ گیا، جبکہ حماس کا کنٹرول غزہ کے ساحلی پٹی کے ایک محدود علاقے تک رہ گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بدھ کو درجنوں ٹینکوں اور ڈرون طیاروں سے گنجان علاقوں پر شیلنگ کرکے البریج اور النصیرات کے علاقوں کے تین بلاکس میں رہنے والے فلسطینیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کر دی۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق جنگ بندی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے یلو لائن عبور کی ہے، جو غزہ میں اسرائیلی فوج اور حماس کے زیر کنٹرول علاقوں کے درمیان حد بندی کرتی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ وسطی غزہ میں یلو لائن کے مغرب میں حماس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔ تاہم فوج نے کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی اور فلسطینیوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور کشیدگی میں خطرناک اضافے کا باعث قرار دیا ہے۔
اسرائیلی فوجی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر درجنوں فلسطینیوں نے اپنا سامان سائیکلوں، وہیل چیئرز، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر لادا اور علاقے سے نکل گئے۔ ان میں زیادہ تر ایسے افراد شامل تھے جو 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد متعدد مرتبہ نقل مکانی کر چکے ہیں۔
ایک متاثرہ خاتون سلام عقل نے بتایا کہ فوج نے علاقے کے رہائشیوں کو وہاں سے نکلنے کا حکم دیا تھا، تاہم بار بار بے گھر ہونے کی وجہ سے وہ مزید نقل مکانی نہیں کرنا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نقل مکانی سے تھک چکے تھے، لیکن اسی دوران علاقے میں فائرنگ شروع ہو گئی اور ایک لڑکا ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جس کے بعد وہاں مزید قیام ممکن نہیں رہا۔
مقامی رہائشیوں نے علاقے میں ٹینکوں سے گولے داغے جانے کی آوازیں سننے کی بھی اطلاع دی، جبکہ فلسطینی طبی حکام کے مطابق فوجی کارروائی کے مقام کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔
ادھر بدھ کو پیش آنے والے دیگر واقعات میں بھی اسرائیلی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید ہو گئے، ایک کی شہادت دیر البلح اور دوسرے کی غزہ سٹی میں ہوئی۔
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس حالیہ عرصے میں دوبارہ منظم اور اسلحہ جمع کر رہی ہے، جس کے باعث اس نے تنظیم کے خلاف حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ دوسری جانب حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اکتوبر 2025 کے امریکی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم ایک ہزار 600 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں غزہ کے اندر اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔



