چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ای ڈومیسائل اور مستقل رہائش کا سرٹیفکیٹ (پی آر سی) پورٹل کا افتتاح کر دیا جس کے تحت کراچی میں ڈومیسائل اور پی آرسی بنوانے کی سہولت اب گھر بیٹھے دستیاب ہوگی ۔
افتتاحی تقریب میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے، اس موقع پر چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ ڈومیسائل اور پی آر سی بنوانے کے لیے شہریوں کو اب قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔
موبائل ایپلی کیشن کےذریعے اب ڈومیسائل اور پی آر سی گھر بیٹھے بنوایا جا سکے گا جس کے بعد ہفتوں کا کام اب گھنٹوں میں ہوگا،اس سے پہلے نوجوانوں کوسرکاری نظام سے پہلا واسطہ ڈومیسائل بنواتے وقت پڑتا ہے۔
ڈومیسائل بنوانے کا عمل آسان ہونے سے شہریوں میں حکومت کا تاثر بہتر ہوگا،ای ڈومیسائل سسٹم سے جعلی درخواستوں اور جعلی ڈومیسائل کی روک تھام ہوگی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری سندھ نے اعلان کیا کہ ای ڈومیسائل کی سہولت سندھ کے دیگر اضلاع تک بھی بڑھائی جائے گی، انہوں نے ای پورٹل کےذریعے ڈومیسائل حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ڈومیسائل بھی دیے۔
قبل ازیں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بریفنگ میں بتایا کہ ای ڈومیسائل کے تحت شہری ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ پورٹل پر رجسٹریشن، چہرے کے ذریعے شناخت کی تصدیق اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت ہے۔
درخواست کی مقررہ فیس آن لائن یا بینک چالان کے ذریعے ادا کی جا سکے گی۔شہری اپنی درخواست کی پیش رفت اور اس پر ہونے والا فیصلہ پورٹل پر دیکھ سکیں گے۔متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا دفتر دستاویزات کی جانچ کے بعد درخواست پر فیصلہ کرے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈومیسائل اور پی آر سی کا ڈیجیٹل ریکارڈ ایک ہی نظام میں محفوظ ہوگا،مجاز ادارے جاری شدہ سرٹیفکیٹس کی فوری آن لائن تصدیق کر سکیں گے۔
