پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دورانِ پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کے لیے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ طیاروں میں مسافروں کو انٹرنیٹ اور جدید مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئے فریم ورک کے تحت لائسنس یافتہ کمپنیاں پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) کے ساتھ رجسٹرڈ سیٹلائٹس استعمال کرتے ہوئے پاکستانی رجسٹرڈ طیاروں کو ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرسکیں گی، اس مقصد کے لیے متعلقہ کمپنیوں کو پی ٹی اے کی لائسنسنگ شرائط اور ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔
اتھارٹی کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والے ٹرانزٹ طیاروں کے لیے بھی سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز حاصل کرنے کی صورت میں پی ٹی اے سے این او سی سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا جبکہ اس حوالے سے متعلقہ قواعد و ضوابط کی تکمیل بھی ضروری ہوگی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے فضائی سفر کے دوران مسافروں کو بلاتعطل انٹرنیٹ کی سہولت میسر آسکے گی، جس کے ذریعے وہ ڈیجیٹل خدمات، تفریحی مواد، ذاتی رابطوں اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے لیے آن لائن سہولیات استعمال کرسکیں گے۔
اتھارٹی کے مطابق یہ فریم ورک ملک میں ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کی کوششوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد زمینی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کے ساتھ فضائی سفر کے دوران بھی جدید اور مؤثر مواصلاتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔
پی ٹی اے کی وضاحت اور متعلقہ ریگولیٹری نظام کے مطابق اس عمل میں تین اہم مراحل ہوں گے، پہلے نمبر پر کمپنی کی رجسٹریشن: متعلقہ کمپنی کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ساتھ رجسٹر ہونا ہوگا۔
دوسرے نمبر پر سیٹلائٹ کی رجسٹریشن: استعمال ہونے والے سیٹلائٹ اور متعلقہ نظام کی پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ سے منظوری ضروری ہوگی۔
تیسرے نمبر پر سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو پی ٹی اے سے متعلقہ لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔
(Cont’d) The introduction of ITS services will enhance passenger experience through seamless in-flight internet connectivity, enabling access to digital services, entertainment, personal communication and work-related activities. This initiative will further strengthen PTA’s efforts to expand digital connectivity in Pakistan by extending telecommunication services beyond terrestrial networks and enabling seamless connectivity during air travel.
#PTA #InFlightConnectivity #SatelliteConnectivity #InFlightTelecommunications #AviationTechnology #DigitalConnectivity #TelecomPakistan #SatelliteServices #PakistanAviation #DigitalTransformation #ConnectedSkies #ITS
— PTA (@PTAofficialpk) November 17, 2026
واضح رہے کہ مسافر دوران پرواز انٹرنیٹ کے ذریعے ویب سائٹس اور ڈیجیٹل سروسز استعمال کرسکیں گے، دوستوں اور اہل خانہ سے آن لائن رابطہ ممکن ہوگا۔پرواز کے دوران تفریحی مواد دیکھ سکیں گے۔
اس سہولت سے کاروباری اور پیشہ ورانہ امور کے لیے آن لائن رابطے برقرار رکھے جاسکیں گے۔
پی ٹی اے کا یہ اقدام پاکستان میں فضائی سفر کے دوران سیٹلائٹ پر مبنی انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات متعارف کرانے کے لیے ایک اہم ریگولیٹری پیش رفت ہے۔


