اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں کی سماعت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 7 روز کے لیے ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے اپیلوں پر تیاری کے لیے 2 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت سے کہا کہ اپیلوں پر کل دوبارہ سماعت رکھ لیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا، ”آپ کو بہت جلدی لگ رہی ہے، وہ (عمران خان) سابق وزیراعظم ہیں، قابلِ احترام ہیں، ان کے اپنے مسائل ہیں، پوری پبلک کو خط چلا گیا ہے۔“
بیرسٹر سلمان صفدر بولے کہ یہ کھوکھلا کیس ہے، انجام وہی ہوگا جیسے پہلے سزائیں ختم ہوئیں، جنرل ریٹائرڈ مشرف کیس میں بھی لائیو اسٹریمنگ ہوئی، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں بھی لائیو اسڑیمنگ ہو چکی ہے، ہماری استدعا ہے اس کیس کی لائیو سڑیمنگ کی جائے، اس میں سب سامنے آ جائے گا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف کیس کیا ہے۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
