خیبرپختونخوا پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین اہم رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو پبلک آرڈر کی بحالی کے قانون (ایم پی او) کی دفعہ 3 کے تحت حراست میں لے لیا حالانکہ تینوں رہنماؤں کو پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملے کے مقدمے میں عبوری ضمانت دے رکھی تھی۔
مقدمہ 9 اور 10 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد احتجاج کے دوران پشاور میں تاریخی ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملے سے متعلق ہے۔
اس کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں جاری ہے، جس میں پی ٹی آئی کے موجودہ اور سابق ارکان اسمبلی سمیت تقریباً 75 ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان پر گزشتہ سال جون میں مختلف الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے علاوہ تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو بھی ویڈیو فوٹیج کے فرانزک جائزے اور شناخت کی تصدیق کے بعد مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
مقدمہ 10 مئی 2023 کو تھانہ ایسٹ کینٹ پشاور میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت درج کیا گیا تھا۔
تینوں رہنماؤں نے پولیس کے ساتھ طویل مذاکرات اور اپنے وکلا سے مشاورت کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے باہر رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کی، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان بھی موجود تھے جن کی موجودگی میں پولیس نے تینوں رہنماؤں کو تحویل میں لیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما تیمورسلیم جھگڑا،کامران بنگش،عرفان سلیم کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا،تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو پشاور ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ سےحراست میں لیاگیا۔
پی ٹی آئی کے لیے جنگل کا قانون لاگو ہے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اس وقت آئین و قانون معطل ہے ، انسداد دہشتگردی عدالت نے ضمانتیں منسوخ کیں تو پولیس پہلے ریڈیو پاکستان کیس میں گرفتار کرنے آئی جس سے ہائی کورٹ نے روکا تو تھری ایم پی او کا آرڈر جاری ہوگیا کیونکہ ہر حال میں گرفتار کرنا تھا گرفتار کرلیا۔
— PTI (@PTIofficial) November 17, 2026
پشاور ہائیکورٹ نے تینوں رہنماؤں کی 23 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے فی کس 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا، عدالت نے انہیں تفتیش میں شامل ہونے اور متعلقہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی بھی ہدایت کی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے ضمانت مسترد کردی تھی
اس سے قبل پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔
اے ٹی سی کے جج ولی محمد نے سابق صوبائی وزرا اور پی ٹی آئی پشاور کے صدر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکلا صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ 9 مئی کے واقعات کے تقریباً تین سال بعد 2025 میں مقدمے کو دوبارہ فعال کیا گیا جبکہ محض ویڈیو فوٹیج میں کسی شخص کی موجودگی کسی جرم کا ثبوت نہیں ہوسکتی۔
دوسری جانب ریڈیو پاکستان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نادرا اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی تصدیق کے بعد انہیں چالان میں نامزد کیا گیا ہے، استغاثہ کے مطابق رہنماؤں پر لوگوں کو بدامنی اور انتشار پر اکسانے کا الزام ہے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں، اس فیصلے کے بعد پولیس اہلکاروں اور وکلا کے درمیان رہنماؤں کی گرفتاری کے معاملے پر تنازع پیدا ہوا، جس کے باعث حکام نے عدالت کے احاطے کے دروازے بند کردیے تھے۔
بعد ازاں تینوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں سے انہیں عبوری ضمانت مل گئی تاہم اس کے باوجود پولیس نے انہیں ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا۔
سہیل آفریدی کے بھی گرفتاری وارنٹ جاری
اسی مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 28 اکتوبر کو استغاثہ کی جانب سے ضمنی چالان جمع کرائے جانے کے بعد سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔
عدالت نے 11 نومبر کو مسلسل عدم پیشی پر دوبارہ وارنٹ جاری کیے جبکہ 14 نومبر کو انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کردی گئی۔
سہیل آفریدی کو 11 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب پی ٹی آئی کے مارچ کی قیادت کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا، اس دوران خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا جاچکا تھا۔
خیبرپختونخوا میں 11 اکتوبر 2026 کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔



