انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کر دیے ہیں۔
آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے تحت سری لنکا کے 15 اور پاکستان کے 5 پوائنٹس منہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد دونوں ٹیموں کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بھی متاثر ہوئی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں 9 نومبر سے 13 نومبر تک ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق سری لنکن ٹیم مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل کرنے میں 15 اوورز پیچھے رہی، جس پر ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں 5 اوورز کم کرانے کی مرتکب ہوئی، جس کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قواعد کے مطابق سری لنکا کے مجموعی پوائنٹس میں سے 15 جبکہ پاکستان کے 5 پوائنٹس بھی کاٹ لیے ہیں، پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد سری لنکا ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلا گیا جبکہ پاکستان 3.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر موجود ہے۔
Pakistan and Sri Lanka hit with hefty point penalty in the #WTC27 standings for slow over-rates in the first Test 👀
Full details 👇
https://t.co/Wnlm8d0ELh
— ICC (@ICC) November 17, 2026
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے اپنی اپنی ٹیموں کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کر لی جس کے بعد دونوں کپتانوں کے اعتراف جرم کے باعث کسی باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ ڈرا، ثاقب خان کی ڈیبیو پر 7 وکٹیں
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈرا ہوگیا، پانچ روزہ میچ بارش اور خراب روشنی سے متاثر رہا، جس کے باعث نتیجہ حاصل نہ ہوسکا۔
پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 434 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل 93، محمد طیب عارف 57، عرفات منہاس 52، محمد طٰہٰ 51 اور کپتان بابر اعظم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جواب میں سری لنکا نے 446 رنز بنائے اور 12 رنز کی برتری حاصل کی، مہمان ٹیم کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا نے 167 اور کوشل مینڈس نے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں، دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اسپنر ثاقب خان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 130 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے، سعود شکیل 97 رنز بنا کر سنچری سے صرف 3 رنز سے محروم رہے جبکہ غازی غوری نے 35 اور بابر اعظم نے 34 رنز اسکور کیے۔
اس طرح پاکستان نے سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر 272 رنز کی برتری حاصل کی تاہم وقت ختم ہونے کے باعث مہمان ٹیم کو دوسری اننگز کھیلنے کا موقع نہ مل سکا اور مقابلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر سات وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔



