حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کر دی۔
اوگرا نے 19 نومبر کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 322 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 3 روپے سستا ہونے کے بعد 355 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق 19 نومبر سے ہوگا۔
واضح رہے کہ اوگرا کے نرخوں کے مطابق 7 نومبر کو پیٹرول کی قیمت 346 روپے اور ڈیزل کی قیمت 378 روپے فی لیٹر تھی، جو 11 نومبر کو کم ہو کر بالترتیب 338 اور 371 روپے ہوگئی۔
12 نومبر کو پیٹرول 335 اور ڈیزل 364 روپے، 13 نومبر کو پیٹرول 332 اور ڈیزل 360 روپے جبکہ 14 نومبر کو پیٹرول 330 اور ڈیزل 360 روپے فی لیٹر ہوگیا۔
17 نومبر کو پیٹرول کی قیمت مزید کم ہو کر 328 روپے اور ڈیزل کی 358 روپے رہی، جبکہ 18 نومبر کو پیٹرول 325 روپے فی لیٹر مقرر ہوا۔ اس طرح 7 سے 19 نومبر کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 23 روپے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ پیٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے بھی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
رواں سال ہی مارچ کے آغاز سے حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی تھی۔ اس دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی کیے گئے۔



