نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شادیوں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کے نظام کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد اور کوئٹہ میں شروع کر دیا ہے، جس کے تحت نکاح رجسٹرار پاک آئی ڈی (PakID) ایپ کے ذریعے شادیوں کا اندراج کر سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت نکاح رجسٹرار ڈیجیٹل طریقے سے شادی کی تفصیلات متعلقہ یونین کونسل میں رجسٹریشن کے لیے جمع کرا سکیں گے جبکہ نکاح نامے کی رجسٹریشن کے بعد ڈیجیٹل میرج سرٹیفکیٹ (MRC) کے اجرا اور میاں بیوی کی ازدواجی حیثیت کو نادرا کے ریکارڈ میں خودکار طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد شادیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو جدید، آسان اور شفاف بنانا ہے تاکہ شہریوں کو روایتی کاغذی کارروائی اور غیر ضروری دفتری مراحل سے نجات مل سکے۔
پاکستان میں شادی کی قانونی رجسٹریشن متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے کی جاتی ہے اور اس عمل میں نکاح رجسٹرار کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ روایتی طریقہ کار میں کاغذی دستاویزات، ریکارڈ کی منتقلی اور مختلف دفتری مراحل شامل ہوتے ہیں۔
نادرا کے نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اس عمل کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے شادی کی رجسٹریشن، ڈیجیٹل میرج سرٹیفکیٹ کے حصول اور ازدواجی حیثیت کے سرکاری ریکارڈ میں اندراج کو مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔
NADRA has launched digital marriage registration on a pilot basis in Islamabad and Quetta. Nikah Registrars can register marriages through PakID, enabling Union Council registration, digital MRC and automatic updates to the couple’s marital status in NADRA records. https://t.co/2h3suVyhic
— NADRA (@NadraPak) November 18, 2026
ابتدائی طور پر اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد اور کوئٹہ سے کیا گیا ہے جبکہ اس کے پائلٹ مرحلے کے تجربات آئندہ توسیع کے حوالے سے اہم ہوں گے۔
نادرا کی شہریوں کے لیے متعدد ڈیجیٹل سہولتیں
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کر رہی ہے۔ پاک آئی ڈی (PakID) موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید، ترمیم اور دیگر اہم دستاویزات کے حصول سمیت متعدد خدمات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں۔
نادرا کی جانب سے متعارف کرائی گئی اہم سہولتوں میں شناختی کارڈ (CNIC)، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شناختی کارڈ (NICOP)، پاکستان اوریجن کارڈ (POC)، بچوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ب فارم) اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) کے لیے آن لائن درخواست دینے کی سہولت شامل ہے۔
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری اپنی درخواستوں کی پیش رفت بھی دیکھ سکتے ہیں، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ اور آن لائن فیس ادا کر سکتے ہیں۔ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے دوبارہ اجرا کے لیے بھی آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔
نادرا کی ایپ کے نئے فیچرز کے تحت شہری اپنے شریک حیات اور اہل بچوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے، دیکھنے اور شیئر کرنے کے علاوہ بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ ب فارم اور شناختی کارڈ کی منسوخی کے سرٹیفکیٹ کی کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیق بھی ممکن بنائی گئی ہے۔
اسی طرح حج اور عمرہ کے لیے درکار بعض ویکسینیشنز، بشمول انفلوئنزا اور میننجائٹس، کی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی پاک آئی ڈی ایپ میں شامل کی گئی ہے۔
نادرا شہریوں کو فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) کے ذریعے خاندانی کوائف کی تصدیق جبکہ قانونی ورثا کو متوفی شہریوں کے اثاثوں سے متعلق جانشینی سرٹیفکیٹ اور لیٹر آف ایڈمنسٹریشن کے حصول کی سہولت بھی فراہم کر رہا ہے۔
مزید برآں، دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے شہریوں کے لیے موبائل رجسٹریشن وینز (MRVs) کے ذریعے گھر کے قریب شناختی خدمات فراہم کی جاتی ہیں، جن میں شناختی کارڈ کی تجدید، نئے کارڈ کا اجرا، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور بائیومیٹرک اپ ڈیٹ جیسی سہولتیں شامل ہیں۔
نادرا کی ان سہولتوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو طویل قطاروں، غیر ضروری دفتری چکروں اور کاغذی کارروائی سے بچاتے ہوئے شناختی اور رجسٹریشن خدمات کو زیادہ آسان، قابل رسائی اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔
پاک آئی ڈی ایپ اسی ڈیجیٹل تبدیلی کا اہم حصہ ہے، جس کے ذریعے پاکستان کے اندر اور بیرون ملک مقیم شہریوں کو متعدد خدمات تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔ نادرا کی کوشش ہے کہ شناخت اور شہری رجسٹریشن سے متعلق زیادہ سے زیادہ سہولتیں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کی جائیں۔


