لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں مدرسے میں دیر سے پہنچنے پر قاری نے 12 سالہ طالب علم پر ڈنڈوں سے تشدد کرکے اس کا سر پھاڑ دیا۔
تھانہ شالیمار پولیس نے متاثرہ بچے کے والد نفیس احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے بچے پر تشدد کرنے والے قاری کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ طالبعلم کے والد نے بیان دیا ہے کہ اس کا بیٹا کامران مدرسہ نور القرآن جمام مصطفیٰ شیروں والی پاک میں پڑھتا ہے۔
بچے کے والد کے مطابق گزشتہ صبح ساڑھے 7 بجے کامران مدرسے پڑھنے گیا تاہم جاتے ہوئے اسے تاخیر ہوگئی جس پر قاری محمد ظفر الحق نے کامران کو لکڑی کے ڈنڈے سے بے دردی پیٹا اور اس کا سر پھاڑ دیا۔
بچے کے والد نے پولیس سے ملزم کے خلاف کارروائی اور بچے کو انصاف فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 3 نومبر کو لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں بھی مدرسے کے طالب علم پر تشدد کا ایک دل خراش واقعہ پیش آیا تھا جس میں مدرسے کے قاری نے مبینہ طور پر ڈنڈے سے بچے کی آنکھ پر وار کیا تھا جس سے اس کی بینائی متاثر ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔ پولیس نے ملزم قاری عبدالواحد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا تھا۔
اس واقعہ سے ایک روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل علاقہ بانڈگئ کی شازیب مسجد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں مبینہ طور پر قاری کے تشدد سے 12 سالہ طالب علم ارشد جان کی بازی ہار گیا تھا۔



