بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر اور بیٹر لٹن داس نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا،وہ ایک ٹیسٹ اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے دنیا کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق جوہانسبرگ میں لٹن داس نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے دوران 6 کیچ پکڑے جبکہ 2 کھلاڑیوں کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔ اس طرح ان کے مجموعی شکار کی تعداد 8 ہوگئی اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ کیپر کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑی آؤٹ کرنے کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
لٹن داس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ریکارڈ پانچ وکٹ کیپرز کے پاس مشترکہ طور پر موجود تھا، ان میں پاکستان کے وسیم باری، انگلینڈ کے باب ٹیلر، نیوزی لینڈ کے ایان اسمتھ اور ویسٹ انڈیز کے رڈلی جیکبز اور جوشوا ڈی سلوا شامل تھے۔
تاہم لٹن داس نے 6 کیچز اور 2 اسٹمپنگز کے ذریعے ان تمام کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا، اس سے قبل ریکارڈ رکھنے والے پانچوں وکٹ کیپرز نے اپنے 7 شکار کیچز کے ذریعے کیے تھے جبکہ لٹن داس نے کیچز اور اسٹمپنگ دونوں شعبوں میں یہ منفرد کارنامہ انجام دیا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار وکٹ کیپنگ
لٹن داس نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم، زبیر حمزہ، میتھیو بریٹزکے، ویان ملڈر، مارکو یانسن اور سائمن ہارمر کے کیچ پکڑے۔
چوتھے روز کھیل کے آغاز پر انہوں نے مہدی حسن میراز کی گیند پر پہلے ریان ریکلٹن کو اسٹمپ آؤٹ کیا، جو 102 رنز بنا چکے تھے جبکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد کاگیسو رباڈا کو بھی اسٹمپ آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
Litton Das creates history with 8 dismissals in a single Test innings, taking 6 catches and completing 2 stumpings against South Africa in Johannesburg. A record-breaking performance by Bangladesh’s wicketkeeper! https://t.co/YeUgDECWEo
— 𝐒𝐲𝐞𝐝 𝐒𝐚𝐦𝐢 🅧︎ (@samipress) November 18, 2026
رباڈا نے 72 رنز کی اننگز کھیلی اور ریکلٹن کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 117 رنز کی اہم شراکت قائم کی تھی۔
بیٹنگ میں بھی سنچری، ایک ہی ٹیسٹ میں دو بڑے کارنامے
لٹن داس کی کارکردگی کی خاص بات یہ بھی ہے کہ انہوں نے صرف وکٹ کیپنگ میں ہی نہیں بلکہ بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی۔
اس طرح وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے جنہوں نے ایک ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے کے ساتھ ایک اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل کوئی کھلاڑی ایک میچ میں سنچری اور 6 سے زیادہ ڈسمسلز کا یہ مجموعہ حاصل نہیں کر سکا تھا۔
جوہانسبرگ کے وانڈرز اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 557 رنز اسکور کرکے 157 رنز کی برتری حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکس ایکرمین نے 157، زبیر حمزہ نے 83، ریان ریکلٹن نے 102 اور کاگیسو رباڈا نے 72 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کے حسن محمود نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے اور اسے جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 57 رنز درکار تھے۔ لٹن داس 12 اور مشفق الرحیم 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ خراب روشنی کے باعث چوتھے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔
لٹن داس کا یہ کارنامہ بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، تاہم انفرادی طور پر شاندار کارکردگی کے باوجود میچ میں جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط ہے۔



