نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھیں تاہم حکومتی اقدامات اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث اب پیٹرول 133 روپے اور ڈیزل 162 روپے فی لیٹر سستا ہو چکا ہے۔
اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ 3 اپریل 2026 کو پیٹرول کی قیمت 458 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی، تاہم 18 نومبر تک پیٹرول کی قیمت کم ہو کر 325 روپے اور ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر رہ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 133 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 162 روپے فی لیٹر کمی ہوئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے پیٹرولیم پالیسی میں اصلاحات اور دیگر اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔
اوگرا کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق گزشتہ تقریباً 10 روز کے دوران بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی۔ 7 نومبر کے مقابلے میں 18 نومبر تک پیٹرول 21 روپے جبکہ ڈیزل 20 روپے فی لیٹر سستا ہوا ہے۔ تازہ ترین نرخوں کے مطابق 18 نومبر کو پیٹرول 325 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 358 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم بھی جاری ہے، جس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت عالمی چیلنجز اور معاشی دباؤ کے باوجود عام آدمی پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
Prices of petroleum products in Pakistan peaked during the Iran–US conflict on 3 April 2026, reached Rs. 458 per litre for Petrol and Rs. 520 per litre for Diesel.
Under the leadership of Prime Minister Shehbaz Sharif @CMShehbaz, the Government’s proactive measures including policy changes and structural reforms in petroleum policy, together with adjustment in global prices, the petroleum products prices have dropped to Rs. 325 per litre for Petrol and Rs. 358 per litre for Diesel as of today,
18 November. This represents a reduction of Rs. 133 per litre in Petrol and Rs. 162 per litre for Diesel.In addition to the aforesaid price reductions, the Government has also providing relief through a Fuel Subsidy Scheme for all users of two-wheelers and three-wheelers, as well as for four-wheelers with engine capacity up to 800cc. This scheme has already crossed 16 million beneficiaries, with more people registering every day.
The Government of Pakistan remains committed to continue making all possible efforts to ease the financial burden on the common man amid global challenges.
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) November 18, 2026
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور کمی کا انحصار عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر، درآمدی اخراجات اور حکومتی ٹیکسز پر ہوتا ہے۔
عالمی سطح پر جنگوں، سیاسی کشیدگی اور تیل کی سپلائی میں رکاوٹوں کے باعث خام تیل مہنگا ہونے سے پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر مقامی سطح پر بھی ریلیف کی گنجائش پیدا ہوتی ہے۔
پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے بڑی حد تک درآمدی تیل پر انحصار کرتا ہے، جس کے باعث عالمی حالات میں معمولی تبدیلی بھی ملکی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے ٹرانسپورٹ، بجلی، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہوتی ہیں، اسی لیے قیمتوں میں کمی کو عوامی ریلیف اور اضافے کو مہنگائی کے نئے دباؤ کا سبب سمجھا جاتا ہے۔


