راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا پریکٹس میچ کل 6 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے پیش نظر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کرکٹ اور پریکٹس میچز کے دوران 315 سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان کے ساتھ اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران ٹریفک کو کم سے کم وقت کے لیے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پولیس کے مطابق ٹیموں کی موومنٹ کے وقت اسلام آباد سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو مختلف مقامات سے مرحلہ وار متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
6th روڈ، رحمان آباد اور چاندنی چوک سے مرحلہ وار ڈائیورژن
راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کے لیے تین مختلف مقامات سے مرحلہ وار ڈائیورژن کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں ٹریفک کو 6th روڈ سے، دوسرے مرحلے میں رحمان آباد سے جبکہ تیسرے مرحلے میں چاندنی چوک سے متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ میچز کے دوران ٹریفک کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا اور ضرورت کے مطابق ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں گے۔
اسٹیڈیم روڈ دونوں اطراف سے بند رہے گی
ٹریفک پلان کے مطابق میچ کے دوران اسٹیڈیم روڈ 9th ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف سے مکمل بند رہے گی، اس دوران شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
6 اکتوبر پاکستان، سری لنکا پریکٹس میچ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا کل پریکٹس میچ کے دوران 9th ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک اسٹیڈیم روڈ دونوں اطراف سے مکمل بند رہے گی۔
اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک فیض آباد اور IJP روڈ کے ذریعے راولپنڈی داخل ہو سکے گی، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو 6th روڈ، رحمان آباد اور چاندنی چوک سے مرحلہ وار متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ٹریفک کو مختصر وقت کے لیے متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے 315 سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات ہوں گے۔!!
— Kiran Khan (@HelloKiranKhan) October 5, 2026
اسلام آباد سے اسٹیڈیم روڈ اور 9th ایونیو کی جانب آنے والی ٹریفک فیض آباد اور IJP روڈ کے ذریعے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی۔
اسی طرح کرکٹ میچ کے دوران 9th ایونیو سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ فیض آباد اسلام آباد جا سکے گی۔
شائقین کے لیے 3 مقامات پر پارکنگ کی سہولت
راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق کرکٹ میچز دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کے لیے 3 مقامات پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ مقامات پر ہی کھڑی کریں اور ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کریں۔
سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا کہ میچز کے دوران شہریوں کو ٹریفک صورتحال سے متعلق بروقت آگاہ رکھنے کے لیے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشنز کے ذریعے مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔
شہری ٹریفک پولیس سے تعاون کریں، سی ٹی او
سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ کرکٹ میچز کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی صرف ٹریفک پولیس کے اقدامات ہی نہیں بلکہ شہریوں کے تعاون سے بھی مشروط ہے۔
شہری ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے متبادل راستوں اور ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کا نظام بہتر انداز میں چلایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس ہر موقع پر شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور کرکٹ میچز کے دوران بھی شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ میچز کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کرکٹ سرگرمیوں کے دوران شہر میں ٹریفک کا نظام معمول کے مطابق برقرار رکھا جاسکے۔



