آئرلینڈ کے آل راؤنڈر سِمی سنگھ نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
بھارتی ریاست پنجاب میں پیدا ہونے والے سِمی سنگھ 2006 میں 19 سال کی عمر میں آئرلینڈ منتقل ہوئے تھے، تاہم انہیں آئرلینڈ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے لیے مزید 11 سال انتظار کرنا پڑا۔ انہوں نے 2017 میں 30 سال کی عمر میں آئرلینڈ کی نمائندگی کا آغاز کیا۔
35 ون ڈے اور 53 ٹی ٹوئنٹی میچز
سِمی سنگھ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران آئرلینڈ کی جانب سے 35 ون ڈے اور 53 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
انہوں نے مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد رنز بنائے جبکہ 83 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ون ڈے کرکٹ میں ان کی بولنگ خاص طور پر نمایاں رہی جہاں ان کا اکانومی ریٹ صرف 3.99 تھا۔
سِمی سنگھ نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔
2021 سِمی سنگھ کے کیریئر کا نمایاں سال
سِمی سنگھ کے کیریئر کی بہترین کارکردگی 2021 میں سامنے آئی۔ انہوں نے سال کا آغاز متحدہ عرب امارات کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں 54 رنز ناٹ آؤٹ اور 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے کیا۔
چند ماہ بعد انہوں نے مالاہائیڈ میں جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔
وہ ون ڈے کرکٹ میں آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بنے۔ ان کی ان کارکردگیوں کی بنیاد پر انہیں آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھی شامل کیا گیا۔
ریٹائرمنٹ پر سِمی سنگھ کا بیان
اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر سِمی سنگھ نے کہا کہ وہ 19 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے خواب کے ساتھ آئرلینڈ آئے تھے اور پیچھے مڑ کر دیکھیں تو ان کا سفر ناقابل یقین رہا۔
انہوں نے آئرلینڈ اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی حمایت کی، ان پر یقین کیا اور ان کے سفر میں مدد کی،سِمی سنگھ نے اپنی کامیابیوں کا سہرا خاندان کی محبت اور حمایت کو بھی دیا، جو ان کے مطابق سفر کے ہر مرحلے میں ان کے ساتھ کھڑا رہا۔
انہوں نے ایلن لیوس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں، خصوصاً وائی ایم سی اے کے دنوں میں، ان کا اہم کردار رہا۔
سِمی سنگھ نے کوچ گراہم فورڈ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایک بہترین کوچ کھلاڑی کے لیے حقیقی فرق پیدا کرسکتا ہے، جبکہ ان کے لیے گراہم فورڈ وہ کوچ تھے جنہوں نے ان کے کیریئر اور کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔
سِمی سنگھ نے کہا کہ آئرلینڈ ہمیشہ ان کے دل میں ایک خاص مقام رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ آئرش کرکٹ کے فخر کے ساتھ حامی رہیں گے اور نئی نسل کے لیے بڑی کامیابیوں کی خواہش رکھتے ہیں۔
صحت یابی کے بعد کوچنگ اکیڈمی کا آغاز
2024 میں سِمی سنگھ کو شدید جگر کے فیل ہونے کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی جگر کی پیوند کاری کی گئی۔
صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے بھارتی پنجاب میں اپنی کوچنگ اکیڈمی شروع کی۔


