پنجاب اسمبلی نے ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 منظور کر لیا، جس کے تحت تھیٹر فنکاروں کی رجسٹریشن فیس ختم کرنے، ہر فنکار کی رجسٹریشن لازمی قرار دینے اور ہراسانی یا کم از کم اجرت ادا نہ کرنے والے تھیٹرز کے لائسنس منسوخ کرنے کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 پیش کیا، جس کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نئے قانون کے تحت تھیٹرز میں فحش اور بے ہودہ پرفارمنسز پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ ہر فنکار کی رجسٹریشن لازمی ہوگی، غیر رجسٹرڈ فنکار سے پرفارمنس کروانے کی صورت میں متعلقہ تھیٹر سیل کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ تھیٹرز میں فنکاروں کو ہراساں کرنے یا انہیں کم از کم اجرت ادا نہ کرنے کی صورت میں لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا جبکہ فنکاروں کی رجسٹریشن فیس ختم کر دی گئی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ موجودہ کمرشل تھیٹرز کا ماحول معاشرے کی اخلاقی اقدار کے مطابق نہیں رہا اور تھیٹر کو ایک مخصوص طبقے تک محدود کر دیا گیا ہے حالانکہ عام شہری اور خاندان بھی صاف ستھرا تھیٹر دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون ثقافت، ڈرامے یا تھیٹر پر پابندی لگانے کے لیے نہیں بلکہ فحاشی اور بے راہ روی کے خاتمے اور تھیٹرز کو ضابطے میں لانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے اپوزیشن کے اعتراضات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی باتوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے تھیٹر میں پہلے سب کچھ مثالی انداز میں چل رہا تھا۔ حکومت نے اچانک کنٹرول یا پابندی لگانے کا فیصلہ نہیں کیا بلکہ تھیٹر کے موجودہ ماحول کو بہتر بنانے کے لیے قانون سازی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک زمانے میں بہترین تھیٹر پیش کیا جاتا تھا، جس میں تفریح کے ساتھ کوئی نہ کوئی سبق بھی ہوتا تھا لیکن موجودہ صورتحال میں بہتری کی ضرورت ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سہیل احمد، خالد عباس ڈار اور وسیم عباس جیسے معروف فنکاروں نے تھیٹر کیوں چھوڑ دیا؟ اس سوال پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے، تھیٹرز کے حوالے سے ایسی خوفناک کہانیاں موجود ہیں جنہیں سننا بھی مشکل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے الحمراء میں تین تھیٹر ڈرامے پیش کیے ہیں، جنہیں انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ دیکھا جبکہ وزیراعظم کے اہل خانہ نے بھی ان ڈراموں میں شرکت کی۔
" تھیٹر ایسا ہونا چاہیے جہاں خاندان باوقار اور معیاری تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔ سہیل احمد، وسیم عباس اور امان اللہ جیسے فنکاروں کے دور کا فیملی تھیٹر بحال کرنا وقت کی ضرورت ہے
عظمیٰ بخاری کا پنجاب اسمبلی میں خطاب https://t.co/Ey0uLUwXfy— Tariq Qasmi طارق قاسمی (@TariqQasmi10) November 18, 2026
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ تھیٹر کو خاندانوں کے لیے قابل قبول بنایا جائے اور نئے ایکٹ کا مقصد بھی یہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فنکار برادری کے لیے رہائشی کالونی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب حکومت تھیٹر پر پابندی عائد نہیں کرنا چاہتی بلکہ اسے منظم، معیاری اور مؤثر انداز میں مانیٹر کرنا چاہتی ہے تاکہ فنکاروں کو بہتر ماحول ملے اور عوام کو معیاری تفریح میسر آ سکے۔
پنجاب کے تھیٹر کا عروج، زوال اور اصلاحات کی کوششیں
پنجاب بالخصوص لاہور طویل عرصے سے پاکستان میں تھیٹر، ڈرامے اور فنونِ لطیفہ کا اہم مرکز رہا ہے، لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل، تماثیل تھیٹر، محفل تھیٹر اور دیگر ثقافتی مراکز نے کئی دہائیوں تک اسٹیج ڈراموں کے فروغ میں کردار ادا کیا، ایک وقت تھا جب تھیٹر عوام کے لیے معیاری تفریح کے ساتھ سماجی مسائل، معاشرتی رویوں اور اصلاحی موضوعات کو اجاگر کرنے کا بھی مؤثر ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔
پاکستانی تھیٹر کو سہیل احمد، عمر شریف، امان اللہ، خالد عباس ڈار، وسیم عباس اور دیگر معروف فنکاروں نے اپنی اداکاری اور مزاحیہ فن سے مقبول بنایا، ان فنکاروں کے اسٹیج ڈراموں میں سماجی طنز، سیاسی حالات، خاندانی مسائل اور معاشرتی ناہمواریوں کو موضوع بنایا جاتا تھا۔
تاہم وقت گزرنے کے ساتھ کمرشل تھیٹر کے بعض شعبوں میں معیار، مواد اور فنکاروں کے کام کے ماحول سے متعلق شکایات سامنے آنے لگیں۔ خصوصاً بعض اسٹیج ڈراموں میں غیر مناسب مکالموں، فحش اشاروں اور غیر معیاری پرفارمنسز پر فنکاروں، شائقین اور ثقافتی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جاتی رہی ہے۔
اس کے علاوہ تھیٹر فنکاروں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی، ہراسانی، غیر محفوظ ماحول اور پیشہ ورانہ حقوق کے مسائل کا بھی سامنا رہا ہے، ان مسائل نے تھیٹر کی ساکھ اور خاندانی تفریح کے طور پر اس کی مقبولیت کو متاثر کیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے تھیٹر کے معیار کو بہتر بنانے اور اسے خاندانی تفریح کے لیے موزوں بنانے کی کوششیں بھی مختلف ادوار میں سامنے آتی رہی ہیں، تھیٹرز کی نگرانی، لائسنسنگ، ڈراموں کے مواد کی جانچ اور غیر مناسب پرفارمنسز کے خلاف کارروائی جیسے اقدامات اسی سلسلے کا حصہ رہے ہیں۔
نئے ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، حکومت کا مؤقف ہے کہ نئے قانون کے ذریعے فنکاروں کے حقوق کا تحفظ، تھیٹرز میں نظم و ضبط، رجسٹریشن کا نظام اور پرفارمنسز کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا۔
اس قانون کی ایک اہم بات یہ ہے کہ فنکاروں کی رجسٹریشن فیس ختم کر دی گئی ہے تاہم رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہراسانی اور کم از کم اجرت کی عدم ادائیگی پر تھیٹر کا لائسنس منسوخ کرنے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔



