پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے کل کی پریس کانفرنس پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کل تھوڑا زیادہ سچ بولا جو اب ہضم نہیں ہو رہا۔
ہم نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس حکومت اور سسٹم کا بوجھ اٹھانا میری سیاست کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کیساتھ ہوں لیکن انہیں پی سی بی چیئرمین سے تو زیادہ اختیار دیا جائے۔ کیا چیئرمین پی سی بی کو اختیار ہے کہ وہ کہے کہ سسٹم کولیپس ہو گیا ہے۔
بلاول نے مزید کہا کہ میرے سچ کہنے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ مجھ سے بھی لڑنا ہے۔
خیال رہے بلاول بھٹو نے گزشتہ روز اعتراف کیا تھا کہ ملکی نظام تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے اور اس عمل میں ان کا بھی ہاتھ ہے، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان غلطیوں کو تسلیم کرکے درست کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تباہ کروائے گئے نظام کو ”اگر سیاسی طور پر ری سیٹ کرنا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہو گا۔
نوٹ: بلاول بھٹو کا تفصیلی انٹریو کچھ دیر بعد ہم نیوز پر ملاحظہ کیجیے۔۔۔۔۔


