وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو ذمہ دار بلاول بھٹو ہوں گے، اگر کارکردگی ٹھیک ہے تو 10صوبے بھی بن جائیں تو کیا مسئلہ ہے؟
گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی شدید الفاظ میں مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر زور زبردستی سندھ کو تقسیم کریں گے تو کراچی کی سڑکوں پر کچرا نہیں خون بہے گا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور نوابشاہ میں خون بہنے کی بات کرنا افسوسناک ہے،اردو بولنے والے علاقوں میں خون بہانے کی بات کس بنیاد پر کی جا رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ مہاجر آبادی گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف مسائل اور ناانصافیوں کا سامنا کر رہی ہے،کراچی میں بچوں کی گٹروں میں گر کر اموات ہو رہی ہیں۔موبائل فون چھیننے کے دوران نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکومت کے باوجود شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔کراچی میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، سیوریج کا پانی گھروں سے باہر نہیں نکلتا،سڑکیں، اسپتال اور دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال خراب ہے۔
سندھ میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع محدود ہو کر رہ گئے ہیں،کراچی کے نوجوانوں کے پاس فوڈ پانڈا یا بیرون ملک جانے کے سوا کیا راستہ ہے؟صوبے میں شہری کوٹے کے تحت بھی نوجوانوں کو ملازمتیں نہیں دی جا رہیں،جعلی ڈومیسائل کے ذریعے شہری کوٹے پر بھی قبضہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں کراچی پر 300 ارب روپے خرچ کیے،میرے دور میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا، کراچی کے مختلف جزائر میں سمندر کے اندر پانی کی لائن بچھا کر 60 ہزار خاندانوں کو پانی فراہم کیا۔
گزشتہ 17 سال میں سندھ کو این ایف سی کے تحت 22 ہزار ارب روپے ملے مگر کراچی کے حالات تبدیل نہیں ہوئے،سندھ میں 10صوبے بھی بن جائیں تو پیپلز پارٹی کو پریشان نہیں ہونا چاہیے،صوبوں کی کارکردگی بہتر ہے تو نئے صوبے بننے سے خوفزدہ کیوں ہیں؟اختیارات اور وسائل عام آدمی تک پہنچانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں لوکل گورنمنٹ سے متعلق ترمیم کی کوشش کی مگر پیپلز پارٹی نے مخالفت کی۔
وفاق پہلے ہی این ایف سی کے تحت 57.5 فیصد وسائل صوبوں کو منتقل کرتا ہے،رواں مالی سال صوبوں کو 8 ہزار 884 ارب روپے فراہم کیے گئے۔
پنجاب کو 4 ہزار 400 ارب روپے، سندھ کو 2 ہزار 263 ارب روپے دیے گئے اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کو ایک ہزار 500 ارب روپے، بلوچستان کو 800 ارب روپے فراہم کیے گئے۔
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں 11 سال سے بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا آئین کی خلاف ورزی ہے،آئین کے تحت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا واضح حکم موجود ہے مگرصوبائی حکومتیں بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل کرنے سے گریزاں ہیں۔
ہم نے اپنے 2 رہنماؤں کو تبدیل کیا،غلط کاموں پر کبھی خاموشی اختیار نہیں کی،اپنی قیادت کے غلط فیصلوں کے خلاف آواز اٹھانے والے صرف ہم لوگ ہیں، ہم آئین پر پختہ یقین رکھتے ہیں، ہمیں ڈرانے یا دھمکانے کی کوشش نہ کی جائے۔
ترجمان سندھ حکومت نے پریس کانفرنس پر کیا ردعمل دیا؟
ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال کونسلر کی نشست جیتنے کے قابل نہیں صرف خیرات کی وزارت پر اکڑ رہے ہیں۔ان کی سیاست سازش، انتشار اور اقتدار کی بھوک کا مجموعہ ہے،
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ اپنی جماعت کی قیادت کے خلاف سازشیں کرنے والے آج وزیراعظم کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں،ایم کیو ایم کے وزراء وفاق اور وفاقی حکومت کو کمزور کرنے کے درپے ہیں، چاروں صوبائی اسمبلیوں کو غیر آئینی کہنے والے پہلے اپنی وزارت کا آئینی جواز بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کی توہین چاروں صوبوں کے عوام کے مینڈیٹ پر حملہ ہے،اگر صوبائی اسمبلیاں غیر آئینی ہیں تو آپ کی وفاقی وزارت کس آئین کے تحت قائم ہے؟کیا آئین صرف مصطفیٰ کمال کی وزارت اور سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے ہے؟
گنہور خان اسران کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اپنی سیاسی بقا کے لیے سندھ کے امن، اتحاد اور یکجہتی سے نہ کھیلے،22 ہزار ارب روپے کا بے بنیاد دعویٰ سیاسی پروپیگنڈا ہے، پہلے مستند مالیاتی ثبوت پیش کیا جائے،سندھ حکومت پر الزامات لگانے سے پہلے مالیاتی دستاویزات اور اخراجات کا حساب سامنے لائیں۔
شہری مسائل کا حل صوبے کی تقسیم، لسانی نفرت اور سیاسی بلیک میلنگ نہیں،ریفرنڈم اور نئے صوبوں کے نام پر آئین کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا،ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنے والے بیانیے سے قومی اتحاد کو نقصان پہنچ رہا ہے،وزیراعظم سے اختلاف ہے تو وزارت چھوڑ دیں، کابینہ میں رہ کر ان کے خلاف سازشیں کیوں کر رہے ہیں۔
