امریکہ میں گزشتہ چند روز کے دوران ٹیکنالوجی کے اہم نظاموں میں یکے بعد دیگرے پیدا ہونے والی خرابیوں نے کاروباری اداروں، بینکوں اور قومی سلامتی کے حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ مائیکروسافٹ کی ای میل سروس سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ اب امریکی قومی سلامتی کے ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی(این ایس اے) کے اندرونی مواصلاتی نیٹ ورک تک جا پہنچا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک تیکنیکی خرابیوں کے واقعات کے درمیان کسی منظم سائبر حملے یا کسی دشمن ملک کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا۔ تاہم، ایک ہی ہفتے میں متعدد اہم اداروں کے نظام متاثر ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو وضاحتیں دینا پڑ رہی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق این ایس اے کے نیٹ ورک میں منگل کو خرابی کی خبر سامنے آنے کے بعد معاملہ مزید حساس ہو گیا ہے، امریکی قومی سلامتی کے لیے سگنلز، انٹیلی جنس اور سائبر سکیورٹی جیسے معاملات اس ادارے کی ذمے داریوں میں شامل ہیں۔
این ایس اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معمول کی دیکھ بھال کے دوران اس کے نیٹ ورک کی کارکردگی عارضی طور پر متاثر ہوئی تھی، تاہم ادارے کی اہم ترین صلاحیتیں اور مشن سے متعلق بنیادی نظام مکمل فعال ہیں۔
ایک ہفتے میں بڑے تکنیکی گلچ
امریکہ میں 12 نومبر کو بڑے پیمانے پر آنے والا ٹیک بحران مائیکروسافٹ کی سروسز میں پیدا ہونے والی رکاوٹ سے شروع ہوا۔ مائیکروسافٹ کے متعدد نظام متاثر ہوئے، جن میں ای میل سروس بھی شامل تھی۔ اس کے نتیجے میں مختلف کمپنیوں اور اداروں کے ملازمین کو اپنے معمول کے دفتری کام انجام دینے میں مشکلات پیش آئیں۔
ای میل اب محض پیغامات بھیجنے کا ذریعہ نہیں رہی بلکہ کاروباری اداروں، سرکاری محکموں، مالیاتی نظام اور مختلف ڈیجیٹل سروسز کے درمیان رابطے کا بنیادی ذریعہ بن چکی ہے۔ اس لیے اس میں خرابی کے اثرات ایک ادارے تک محدود نہیں رہتے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے 13 نومبر کو فضائی ٹریفک کے نظام میں خرابی کے بعد ملک بھر میں پروازیں روکنے کا حکم دیا تھا۔ اس اقدام کے نتیجے میں ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں اور امریکی فضائی سفر کا نظام تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک شدید دباؤ کا شکار رہا۔ فضائی سفر کے تعطل کو ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد امریکی فضائی سفر میں سب سے طویل ملک گیر تعطل قرار دیا گیا تھا۔
اسی طرح 16 نومبر کو یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ٹیکنالوجی نظام میں خرابی پیدا ہوئی، جس سے سیکڑوں پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ اسی روز ملک کے بڑے بینکوں میں شامل جے پی مورگن چیس کے سافٹ ویئر نظام میں بھی مسئلہ سامنے آیا، جس کے باعث بعض صارفین کو بینکاری خدمات کے استعمال میں مشکلات پیش آئیں۔
17 نومبر کو ایپل نے بھی بتایا کہ اس کے ایک اندرونی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے باعث متعدد خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ ان میں آئی کلاؤڈ اور ایپل پے جیسی اہم سروسز شامل تھیں۔کمپنی کے مطابق یہ سائبر حملہ نہیں تھا بلکہ اندرونی اپ ڈیٹ کے باعث پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی تھی۔ ایپل نے کہا کہ اس کے متعدد نظام دوبارہ کام کرنے لگے تھے اور باقی خدمات کی بحالی پر کام جاری تھا۔
این ایس اے کا نیٹ ورک کیوں متاثر ہوا؟
حالیہ واقعات میں سب سے زیادہ توجہ امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے نیٹ ورک میں پیدا ہونے والی خرابی نے حاصل کی ہے۔
این ایس اے کا اندرونی مواصلاتی نظام حساس اور خفیہ معلومات کے تبادلے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس نیٹ ورک میں عارضی تعطل نے اس لیے تشویش پیدا کی کہ یہ محض کسی تجارتی کمپنی کی ای میل سروس نہیں بلکہ امریکی قومی سلامتی کے نظام کا حصہ ہے۔
امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نے اس معاملے کی ایک ممکنہ تکنیکی وجہ بیان کی ہے۔ ان کے مطابق این ایس اے کے نظام میں خرابی کا تعلق ایک سکیورٹی کمزوری کو دور کرنے کے لیے نصب کیے گئے سافٹ ویئر پیچز سے تھا۔ یہ کمزوری پی ایچ پی نامی پروگرامنگ ٹیکنالوجی سے متعلق تھی، جسے ویب سرورز اور مختلف آن لائن نظاموں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
کلیٹن کے مطابق اس کمزوری کی نشاندہی گزشتہ ماہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے کی گئی تھی۔
کلیٹن نے امریکی نشریاتی ادارے فوکس بزنس کے پروگرام ’کلیمن ماؤنٹ ڈاؤن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ادارے اپنی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے نظاموں کو اپ ڈیٹ کر رہے ہیں، لیکن بعض صورتوں میں اپ ڈیٹ کے بعد نظام توقع کے مطابق دوبارہ کام شروع نہیں کر رہے۔
ان کے مطابق بعض نظاموں کو کام کے لیے دوسرے نظاموں سے رابطہ قائم کرنا پڑتا ہے، لیکن اپ ڈیٹ کے بعد ان کے درمیان رابطے کی منتقلی بھی درست طور پر نہیں ہو رہی۔
کلیٹن کی جانب سے پی ایچ پی کی کمزوری اور این ایس اے کی خرابی کے درمیان تعلق بیان کیے جانے کے باوجود ادارے کے اپنے ابتدائی بیان میں صرف معمول کی دیکھ بھال کے دوران نیٹ ورک کی کارکردگی متاثر ہونے کا ذکر کیا گیا تھا۔
کیا امریکہ کسی سائبر حملے کی زد میں ہے؟
ماضی میں امریکہ کے سرکاری اداروں، مالیاتی نظاموں اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو سائبر حملوں کا سامنا رہا ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر مارکو روبیو نے منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ واقعات کو تشویش کا باعث قرار دیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں منظم سائبر حملے کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔
ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نے بھی کہا کہ امریکی حکام نے ان واقعات کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے، لیکن انہیں کسی مربوط سائبر حملے یا کسی دوسرے ملک کی سرپرستی میں ہونے والی کارروائی کے شواہد نہیں ملے۔
ٹرمپ کا ردعمل: ’ایسی چیزیں ہو جاتی ہیں‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان واقعات پر تشویش کو زیادہ اہمیت دینے کے بجائے انہیں معمول کی بات قرار دیا ہے۔
ایشیا کے دورے کے دوران جب فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں صحافیوں نے امریکہ میں تیکنیکی گلچ پر سوال کیا تو ان کا کہنا تھا، جب کوئی ملک بڑا، طاقتور اور وسائل سے مالا مال ہو تو اس کے ساتھ ایسی چیزیں پیش آ سکتی ہیں، اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں اور سب کچھ ٹھیک ہے۔
تاہم صدر کے اس ردعمل کے باوجود ان کی اپنی جماعت کے بعض ارکان نے بھی حکومت سے مزید وضاحتیں طلب کیں۔
ریپبلکن سینیٹر جوش ہولی نے کہا کہ اگر یہ تمام واقعات محض اتفاق ہیں تو یہ تاریخ کا سب سے بڑا اتفاق ہو سکتا ہے۔
امریکی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مختلف اداروں کے نظاموں میں پیدا ہونے والی خرابیوں کی وجوہات الگ الگ ہیں اور انہیں کسی ایک بڑے بحران یا حملے سے جوڑنے کا فی الحال کوئی ثبوت نہیں۔
سائبر سکیورٹی کمپنی ہیلسیون کے رینسم ویئر ریسرچ سینٹر کی سینئر نائب صدر اور ایف بی آئی کی سابق اعلیٰ سائبر عہدیدار سنتھیا کیزر کے مطابق امریکہ میں حالیہ واقعات نے ظاہر کیا ہے کہ جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کس قدر ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک معمولی تکنیکی خرابی یا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ بھی مختلف اہم نظاموں میں بڑے پیمانے پر مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ان کے بقول، یہی باہمی انحصار جدید ٹیکنالوجی کی طاقت بھی ہے اور اس کی کمزوری بھی۔
گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد امریکی اداروں نے اخراجات کم کرنے اور مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اضافے کو جواز بنا کر ملازمین کی تعداد کم کی ہے۔
صدر ٹرمپ کے دوسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد ایلون مسک سے منسلک حکومتی اخراجات اور عملے میں کمی کی کوششوں کے دوران فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) بھی ملازمتوں میں کٹوتیوں سے متاثر ہوئی۔
اس سے پہلے امریکی کانگریس میں ادارے کی ٹیکنالوجی کو تیزی سے جدید بنانے کے منصوبے پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ قانون سازوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر جدیدیت کا عمل مناسب منصوبہ بندی کے بغیر آگے بڑھایا گیا تو اس سے نظام میں تعطل پیدا ہو سکتا ہے۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز نے بھی گزشتہ سال بتایا تھا کہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت کی مدد سے اس نے انتظامی عملے کی تعداد میں چار فیصد کمی کی ہے اور رواں سال مزید چار فیصد کمی کا منصوبہ بنایا ہے۔
مائیکروسافٹ نے بھی اپنے عالمی ملازمین کے تقریباً ایک چوتھائی حصے کو رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑنے کے لیے مالی مراعات کی پیشکش کی تھی۔ یہ پیش رفت کمپنی کی جانب سے پہلے کی گئی ملازمتوں میں کمی کے بعد سامنے آئی۔
تاہم ان برطرفیوں اور حالیہ تکنیکی خرابیوں کے درمیان براہِ راست تعلق کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔



