ملائیشیا میں طویل مدت تک رہائش کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اب انہیں ’مائی سیکنڈ ہوم‘ (ایم ایم ٹو ایچ) پروگرام کے تحت درخواست دینے اور رہائش کے حصول کے مراحل میں پاکستان ہی میں رہنمائی اور معاونت میسر ہو سکے گی۔
ملائیشیا کے ایم ایم ٹو ایچ پروگرام کے لیے پاکستان میں مجاز نمائندہ متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو ملائیشیا میں طویل مدتی رہائش کے اس پروگرام سے متعلق معلومات اور درخواست کے عمل میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
کراچی میں ملائیشیا کے قونصل خانے میں منگل کو منعقدہ ایک میڈیا بریفنگ کے دوران ’گرین لینڈ ٹریولز (پرائیویٹ) لمیٹڈ‘ کو پاکستان میں ایم ایم ٹو ایچ پروگرام کا مجاز نمائندہ متعارف کرایا گیا۔
بریفنگ میں ملایا کارپوریٹ کے نمائندے عزیزم عزیزان نے بھی شرکت کی۔ ملایا کارپوریٹ ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت کی جانب سے مقرر کردہ ایم ایم ٹو ایچ ایجنٹ ہے۔ انہوں نے پاکستانی شہریوں کو پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولتوں اور درخواست کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
تقریب میں ملائیشیا کے قونصل جنرل نے پروگرام کا تعارف پیش کیا، جبکہ پروگرام کے مقاصد، اہلیت کے تقاضوں، مختلف کیٹیگریز اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو بھی کی گئی۔
اس اقدام کا مقصد پاکستان میں پروگرام سے متعلق مستند معلومات تک رسائی بہتر بنانا اور درخواست کے عمل میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی رہنمائی کرنا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانا اور ملائیشیا کو طویل مدتی رہائش اور طرزِ زندگی کے لیے ایک پُرکشش مقام کے طور پر متعارف کرانا بھی اس اقدام کے مقاصد میں شامل ہے۔
مائی سیکنڈ ہوم پروگرام کیا ہے؟
ملائیشیا کا ’مائی سیکنڈ ہوم‘ پروگرام 2002 میں شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت اہل غیر ملکی شہریوں کو مخصوص مالی اور دیگر شرائط پوری کرنے پر ملائیشیا میں طویل مدت تک رہائش کی اجازت دی جاتی ہے۔
ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت کی ویب سائٹ کے مطابق اس پروگرام کے تحت کامیاب درخواست گزاروں کو سوشل وزٹ پاس جاری کیا جاتا ہے، جس میں متعدد بار ملائیشیا آنے اور جانے کی سہولت شامل ہوتی ہے۔ یہ پاس مقررہ مدت کے لیے جاری کیا جاتا ہے اور متعلقہ شرائط پوری ہونے پر اس کی تجدید بھی کرائی جا سکتی ہے۔ تاہم، یہ مستقل رہائش یا شہریت نہیں ہے۔
پروگرام کی چار کیٹیگریز ہیں، جن میں پلاٹینم، گولڈ، سلور اور اسپیشل اکنامک زون/اسپیشل فنانشل زون شامل ہیں۔ ان کیٹیگریز کے تحت رہائش کی ابتدائی مدت مختلف ہے۔ پلاٹینم کیٹیگری کے لیے 20 سال، گولڈ کے لیے 15 سال، سلور کے لیے 5 سال اور اسپیشل اکنامک زون/اسپیشل فنانشل زون کیٹیگری کے لیے 10 سال کی مدت مقرر ہے۔ متعلقہ شرائط پوری ہونے پر ان کی تجدید کرائی جا سکتی ہے۔
پروگرام کے لیے اہلیت اور شرائط
پروگرام میں شمولیت کے لیے پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں درخواست گزار کی کم از کم عمر 25 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسپیشل اکنامک زون/اسپیشل فنانشل زون کیٹیگری میں 21 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کیٹیگری میں 50 سال یا اس سے زائد عمر کے درخواست گزاروں کے لیے مالی شرائط مختلف ہیں۔
ہر کیٹیگری کے لیے بینک میں مخصوص رقم بطور فکسڈ ڈپازٹ جمع کرانا اور ملائیشیا میں جائیداد خریدنا بھی لازمی ہے۔ تاہم، فکسڈ ڈپازٹ کی رقم اور جائیداد کی کم از کم قیمت کا تعین منتخب کردہ کیٹیگری کے مطابق کیا گیا ہے۔
درخواستیں ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت سے لائسنس یافتہ ٹور آپریٹرز کے ذریعے جمع کرائی جاتی ہیں، جبکہ درخواست کی حتمی منظوری کا اختیار ملائیشیا کے محکمہ امیگریشن کے پاس ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو ملائیشیا میں طویل مدتی قیام کے مواقع سے متعلق رہنمائی اور درخواست کے عمل میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
