پاکستان کی مقامی کلائمٹ ٹیکنالوجی کمپنی نے موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نیا پلیٹ فارم ’نگران‘ متعارف کرا دیا ہے جو سیٹیلائٹ ڈیٹا، موسمیاتی معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سیلاب، ہیٹ ویوز، اسموگ اور دیگر موسمی خطرات کی مقامی سطح پر پیشگی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
AI Geo Navigators کی جانب سے تیار کردہ اس پلیٹ فارم کا نام نیشنل انٹیگریٹڈ جیو رسک الرٹ اینڈ ایٹموسفیرک نیٹ ورک (Nigraan) ’نگران‘ ہے، جسے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس COP31 کے موقع پر پاکستان پویلین میں متعارف کرایا گیا۔
کمپنی کے مطابق نگران پلیٹ فارم کو 18 ماہ کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ ڈیٹا ریکارڈز کی مدد سے تربیت دی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں موسمیاتی معلومات کی کمی کو پورا کرنا اور دستیاب ڈیٹا کو قابل عمل فیصلوں میں تبدیل کرنا ہے۔
AI Geo Navigators کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم جاوید نے ہم نیوز ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’نگران‘ پورے پاکستان میں موسمیاتی معلومات فراہم کرے گا، جس میں ہمالیہ کے پہاڑی علاقوں سے لے کر بحیرہ عرب کے ساحلی خطوں تک تمام علاقے شامل ہوں گے۔
ان کے مطابق یہ پلیٹ فارم ریموٹ سینسنگ، جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS)، مصنوعی ذہانت اور عوامی سطح سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو یکجا کرکے قومی، علاقائی اور مقامی سطح پر موسمیاتی خطرات کی نشاندہی کرے گا۔ اس کا مقصد انتہائی مخصوص مقامات کے لیے درست اور بروقت موسمیاتی معلومات فراہم کرنا ہے۔
عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ نگران کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا مقصد بالخصوص ترقی پذیر ممالک اور گلوبل ساؤتھ کی ان ریاستوں تک اس ٹیکنالوجی کی رسائی ممکن بنانا ہے، جو محدود وسائل کے باعث جدید موسمیاتی نظام تیار کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔
’مصنوعی ذہانت نے بڑے پیمانے پر موسمیاتی ڈیٹا کا تجزیہ تیز اور آسان بنا دیا‘
پلیٹ فارم کے بانی کے مطابق مصنوعی ذہانت نے بڑے پیمانے پر موسمیاتی ڈیٹا کا تجزیہ تیز اور آسان بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی شماریاتی ماڈلز کے ذریعے سیلاب کی پیشگوئی کے لیے ڈیٹا پراسیسنگ میں کئی دن لگ سکتے ہیں جبکہ مصنوعی ذہانت یہی کام تقریباً دو گھنٹوں میں مکمل کر سکتی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے توانائی کی کھپت اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں، تاہم ان کے خیال میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اس ٹیکنالوجی کے فوائد زیادہ ہیں۔
بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اے آئی کا استعمال
AI Geo Navigators نے موسمیاتی ٹیکنالوجی کے استعمال کو صرف قدرتی آفات کی پیشگوئی تک محدود نہیں رکھا بلکہ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے بھی ’RainClove‘ نامی ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے۔
یہ ایپ اسلام آباد کے رہائشیوں کو بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے امکانات کا اندازہ لگانے میں مدد دیتی ہے، اس کے ذریعے سالانہ ممکنہ طور پر جمع کیے جانے والے پانی کی مقدار، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے موزوں ٹینک کا سائز، مقامی بارشوں کے رجحانات اور سیلابی خطرات سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
درست نتائج کے لیے مقامی ڈیٹا پر مبنی ماڈلز اور ان کی باقاعدہ جانچ ضروری ہے، ماہرین
لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے استاد ڈاکٹر زبیر خالد نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت موسمیاتی معلومات کو یکجا کرنے اور خطرات کی پیشگی نشاندہی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، تاہم درست نتائج کے لیے مقامی ڈیٹا پر مبنی ماڈلز اور ان کی باقاعدہ جانچ ضروری ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کے بیشتر شہروں میں زمینی سطح پر موسمیاتی پیمائش کے آلات اور سینسرز کی تعداد محدود ہے، ایسے میں مصنوعی ذہانت سیٹلائٹ معلومات، موسمیاتی ماڈلز اور دستیاب سینسر ڈیٹا کو یکجا کرکے سیلاب، ہیٹ ویوز اور اسموگ کی زیادہ باریک سطح پر پیشگوئی کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ڈاکٹر زبیر خالد نے خبردار کیا کہ بیرون ملک کے ڈیٹا پر تربیت یافتہ ماڈلز، مقامی سطح پر ناکافی جانچ اور غیر مصدقہ پیشگوئیاں نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نظام کی پیشگوئی غلط ہو لیکن اسے انتہائی اعتماد کے ساتھ پیش کیا جائے تو یہ درست پیشگوئی نہ ہونے سے بھی زیادہ نقصان دہ ہو سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ مصنوعی ذہانت سے حاصل ہونے والی معلومات کی درستگی اور ان سے وابستہ غیر یقینی صورتحال واضح طور پر بتائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بڑے اور توانائی خرچ کرنے والے اے آئی ماڈلز کی ضرورت نہیں بلکہ چھوٹے اور مخصوص کاموں کے لیے تیار کردہ ماڈلز کم توانائی استعمال کرکے بھی مؤثر نتائج دے سکتے ہیں۔
اے آئی ڈیٹا سینٹرز سے توانائی اور ماحولیات کو خطرات
مصنوعی ذہانت کے موسمیاتی فوائد کے ساتھ اس کے ماحولیاتی اثرات پر بھی عالمی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے، بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے اندازوں کے مطابق دنیا بھر کے ڈیٹا سینٹرز کی بجلی کی سالانہ کھپت 2030 تک تقریباً 945 ٹیراواٹ آور تک پہنچ سکتی ہے۔
رائٹرز کے حوالے سے دی گئی معلومات کے مطابق اس توانائی کے استعمال سے 30 کروڑ میٹرک ٹن سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج بھی ہو سکتا ہے۔
ماحولیاتی تنظیم 350.org کی ڈائریکٹر برائے مہمات اور نیٹ ورکس سارہ شا نے ہم نیوز ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی موسمیاتی کانفرنسوں میں مصنوعی ذہانت کے ماحولیاتی اثرات کو بھی باقاعدہ ایجنڈے کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے آئی سے متعلق عالمی وعدے میں اس بات کی ضمانت نہیں دی گئی کہ مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے نئے فوسل فیول منصوبے قائم نہیں کیے جائیں گے، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں مصنوعی ذہانت کی ترقی کے نام پر زمین، پانی اور توانائی کے وسائل پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہیں۔
COP31 کے موقع پر ترکیہ کی جانب سے ’انطالیہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پلیج‘ بھی متعارف کرایا گیا جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کو پائیدار انداز میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے استعمال کرنا ہے۔
اس رضاکارانہ فریم ورک میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے کم اخراج والی توانائی کے استعمال، ماحولیاتی اثرات میں شفافیت اور ترقی پذیر ممالک میں مصنوعی ذہانت پر مبنی موسمیاتی منصوبوں کے لیے مالی معاونت پر زور دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان جیسے موسمیاتی خطرات سے دوچار ملک میں مصنوعی ذہانت سیلاب، شدید گرمی، اسموگ اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اہم ذریعہ بن سکتی ہے، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار مقامی ڈیٹا کی دستیابی، پیشگوئیوں کی سائنسی تصدیق، توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال اور بروقت انتباہ کو عام شہریوں تک قابل فہم انداز میں پہنچانے پر ہوگا۔
پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کی زد میں کیوں ہے؟
پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے غیر معمولی طور پر متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں اس کا حصہ نسبتاً کم ہے، ملک کو بیک وقت گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، غیر معمولی بارشوں، تباہ کن سیلابوں، شدید گرمی، خشک سالی، فضائی آلودگی اور سمندر کی سطح بلند ہونے جیسے خطرات کا سامنا ہے۔
پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع بھی اسے موسمیاتی خطرات کے حوالے سے حساس بناتا ہے، شمالی علاقوں میں دنیا کے بلند پہاڑی سلسلے اور ہزاروں گلیشیئرز موجود ہیں جبکہ ملک کے میدانی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی، مون سون بارشوں اور سیلاب کے خطرات زیادہ ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے سمندری سطح میں اضافے اور ساحلی کٹاؤ سے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
اگست 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب اس خطرے کی ایک بڑی مثال ہیں، غیر معمولی مون سون بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے نتیجے میں ملک کا ایک بڑا حصہ زیر آب آ گیا تھا، سرکاری اور بین الاقوامی اداروں کے تخمینوں کے مطابق اس آفت سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ انفراسٹرکچر، زراعت، مکانات اور معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا۔
پاکستان میں موسمیاتی خطرات کا ایک اہم مسئلہ بروقت اور مقامی سطح پر درست معلومات کی کمی بھی ہے، روایتی موسمیاتی پیشگوئی عموماً بڑے جغرافیائی علاقوں کے لیے ہوتی ہے، جس کے باعث کسی مخصوص گاؤں، شہر، زرعی زمین یا آبادی کو درپیش فوری خطرے کی درست نشاندہی مشکل ہو سکتی ہے۔
اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت، سیٹلائٹ تصاویر، ریموٹ سینسنگ اور جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) کو یکجا کرنے کی کوششیں اہمیت اختیار کر رہی ہیں، ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے سیلابی علاقوں، بارشوں کی شدت، درجہ حرارت میں اضافے اور دیگر موسمیاتی خطرات کی زیادہ تفصیلی پیشگوئی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
پاکستان میں نگران جیسے پلیٹ فارمز کی اہمیت اسی تناظر میں بڑھ جاتی ہے، کیونکہ ان کا مقصد موسمیاتی معلومات کو محض اعدادوشمار تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں حکومتی اداروں، بلدیاتی انتظامیہ، کسانوں، کاروباری اداروں اور عام شہریوں کے لیے قابل عمل فیصلوں میں تبدیل کرنا ہے۔
اگر ایسے نظام قابل اعتماد ثابت ہوتے ہیں اور انہیں قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی اداروں، محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مؤثر انداز میں منسلک کیا جاتا ہے تو قدرتی آفات سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔



