فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور جیو پولیٹکل صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عباس عراقچی گزشتہ روز ہی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملاقات میں مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک کے درمیان ’مسلسل رابطہ کاری‘ کی اہمیت پر زوردیا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں ’پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف‘ کی۔
آئی آیس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہارکیا۔
قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ اشتراک کار بڑھانے اور پاک ایران تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن واستحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی ۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ’مثبت کردار‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔
اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان فریقین کے درمیان تنازعہ کے حل کیلئے سفارتی محاذ پر مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔
بعدازاں انہوں نے ائیرپورٹ پر ایرانی وزیر خارجہ کو الوداع کیا،ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس سے قبل ای سی او اجلاس سے خطاب میں عباس عراقچی نے خطے کے ممالک کے مابین توانائی، سکیورٹی، تجارت، اور نقل و حمل کے شعبوں میں تعاون اور ’تعمیری تعلقات‘ کے ساتھ ساتھ مکالمے، باہمی احترام اور عدم جارحیت کے اصولوں کی بنیاد پر علاقائی سلامتی کا نظام قائم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

