وزیرِ دفاع اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی میڈیا ٹاک پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص انصاف اور برابری کا مطالبہ کرتا ہے، اس کے اپنے ہاتھ بھی صاف ہونے چاہئیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر منگل کو ایک طویل پوسٹ میں خواجہ آصف نے لکھا کہ ”بلاول صاحب آپ نے سسٹم ری سیٹ کی بات کی۔ لیکن کوئی سسٹم اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہو سکتا جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو۔“ انہوں نے بلاول سے سوال کیا کہ، کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟
ان کے بقول اگر آپ سسٹم ڈھ جانے کی بات کر رہے ہیں تو اس سسٹم سے منسلک ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں کا احاطہ بھی ضروری ہے۔
بلاول صاحب آپ نے سسٹم ری سیٹ کی بات کی لیکن کوئی سسٹم اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہو سکتا جب تک اُسے عوامی تائید حاصل نہ ھو/اگر آپ system collapse کی بات کر رہے ہیں تو ہم سب کا اس سسٹم سے منسلک ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں کا احاطہ بھی ضروری ہے۔ اس ملک میں سیاست دانوں کا احتساب نہ تو کوئی نئی بات ہے اور نہ کوئی سیاستدان احتساب سے مبرا ہے۔ آپکی پریس کانفرنس یقیناً بہت دھواں دار تھی اور موجودہ حکومت اور نظام پر تنقید پر مرکوز رہی لیکن احترام کے ساتھ یہ کہوں گا کہ ہم سیاسی لوگوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے۔ ہم سیاستدانوں کی اساس عوامی راۓ ہے۔ عوامی استصوابِ رائے کے ساتھ پارلیمان کے اندر بحث مباحثے پر کوئی قدغن نہیں۔ یقیناً “System Reset” کے معاملے پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی لیکن اس کے ساتھ عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔پارلیمنٹ کے ساتھ اگر عوام کی راۓ کوبھی جان لیا جاۓ تو میرے خیال legitimacy کی معراج ھو گی
۔بلاول صاحب آپکے پاس سندھ کی حکومت
18سال سے ھے۔ سندھ جنت بن گیا ھے۔ کراچی شہر کی حالت پہ دنیا رشک کرتی ھے۔ plmn کے آپ 2022سے کاروبار حکومت میں پارٹنر ھیں۔ نفع آپکا اور نقصان plmn کا یا پاکستان کا ۔
He who claims equity must come with clean hands.
یہ صدیوں پرانا equity کا maxim ھے. کیا آپ کے ھاتھ صاف ھیں۔ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ھیں۔
ھمارا مقصد صرف ایک ھے – پاکستان کے عوام کے دن بدلیں عام آدمی عزت کی زندگی گزارے۔ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقت بنائیں حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ھے کسی کی میراث نہیں ، عوام کے حقوق آئین کی کتاب تک مجدود نہ رکھیں۔پاکستان کی تاریخ میں سفارتی محاذ اور جنگ کے محاذ پر عزت اور تکریم اللہ کی مہربانی سے کس دور میں ملی اور کس دور میں وطن کا نام روشن ھوا۔ ان دو محاذوں پہ فتح کے بعد اب حکمرانی گلی محلے کی سطح پہ منتقل کرنے کی جنگ ھے جسمیں عوام کی راۓ اور پارلیمنٹ کا رول عین جمہوری اور آئینی ھے۔ حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں،25کروڑ عوام کو یہ حق اللہ نے عطا کیا ھے۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 18, 2026
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب میں ملکی نظام کے بوسیدہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سسٹم کو دھکا دے کر گرایا گیا ہے‘ اور ’ڈھ جانے والے نظام‘ کا حل نئے صوبوں کے قیام میں نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا تھا کہ ملکی نظام تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے اور اس عمل میں ان کا بھی ہاتھ ہے، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان غلطیوں کو تسلیم کرکے درست کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تباہ کروائے گئے نظام کو ”اگر سیاسی طور پر ری سیٹ کرنا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن، عدالتیں اور میڈیا سمیت وہ تمام ادارے جو تباہ کروائے گئے انہیں بات کرنا ہوگی کہ وہ کیسے اپنے اداروں اور نظام کو ٹھیک کر سکتے ہیں تاکہ عوام کے حقیقی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔“
بلاول بھٹو کے خطاب پر ردِعمل میں خواجہ آصف نے کہا کہ اس ملک میں سیاست دانوں کا احتساب نہ تو کوئی نئی بات ہے اور نہ کوئی سیاست دان احتساب سے مبرا ہے۔ آپ کی پریس کانفرنس بہت دھواں دار تھی اور موجودہ حکومت اور نظام پر تنقید پر مرکوز رہی۔ لیکن بصد احترام ہم سیاسی لوگوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی آئینی اور جمہوری طریقے سے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے اور یہ بات ان کے منشور کا بھی حصہ ہے تاہم ریفرنڈم جیسے چور راستوں سے ایسا کیے جانے کے خلاف ’ڈٹ کر کھڑی‘ ہو گی۔
وزیرِ دفاع کے مطابق ہم سیاست دانوں کی اساس عوامی رائے ہے۔ عوامی استصوابِ رائے کے ساتھ پارلیمان کے اندر بحث مباحثے پر کوئی قدغن نہیں۔ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی لیکن اس کے ساتھ عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
وزیرِ دفاع نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس سندھ کی حکومت 18 سال سے ہے۔ سندھ جنت بند گیا ہے۔ کراچی شہر کی حالت یہ دنیا رشک کرتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے آپ 2022 سے کاروبارِ حکومت میں پارٹنر ہیں۔ نفع آپ کا اور نقصان مسلم لیگ (ن) یا پاکستان کا۔
اپنے ردِعمل میں خواجہ آصف نے کہا کہ جو شخص انصاف اور برابری کا مطالبہ کرتا ہے، اس کے اپنے ہاتھ بھی صاف ہونے چاہئیں۔ یہ صدیوں پرانا انصاف کا قانونی اصول ہے۔ خواجہ آصف نے سوال کیا کہ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟
منگل کی میٹ دی پریس میں بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم پر سنگین نتائج سامنے آنے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “زور زبردستی سندھ کی تقسیم کریں گے تو کراچی کی سڑکوں پر کچرا نہیں بلکہ جو خون بہے گا، اس پر سوال پوچھے جائیں گے، صوبے کی تقسیم کریں گے تو معاشرے میں تقسیم ہوگی اور وہ تقسیم دشمنی تک چلی جائے گی، عام آدمی ہتھیار اٹھائے گا، کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص میں ایک بھائی دوسرے بھائی کو قتل کرے گا، میں وہ خون خرابہ دیکھنا نہیں چاہتا۔”
وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف ایک ہے۔ پاکستان کے عوام کے دن بدلیں، عام آدمی عزت کی زندگی گزارے۔ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقت بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے کسی کی میراث نہیں۔



