کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور سابق نیو ساؤتھ ویلز پریمیئر مائیک بیئرڈ نے بگ بیش لیگ کی نجکاری کے معاملے پر اپنی آبائی ریاست کی حمایت سے محرومی کے بعد عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
مائیک بیئرڈ فروری 2023 سے کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین کے عہدے پر فائز تھے۔
ان کے مستعفی ہونے کے بعد سابق آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ بون سالانہ اجلاس میں عبوری چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ مستقل چیئرمین کے انتخاب کا عمل جاری رہے گا۔
مائیک بیئرڈ اس وقت کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ میں نیو ساؤتھ ویلز کے نمائندے کے طور پر موجود تھے تاہم ریاست نے انہیں آگاہ کیا کہ آئندہ وہ ان کی حمایت نہیں کرے گی اور نہ ہی آزاد نشستوں میں سے کسی ایک کے لیے ان کی حمایت کی جائے گی۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق دیگر ریاستیں مائیک بیئرڈ کو آزاد نشست پر منتقل کرنے کی حمایت کر رہی تھیں جس کے ذریعے وہ چیئرمین کے عہدے پر برقرار رہ سکتے تھے تاہم بیئرڈ متفقہ حمایت کے بغیر عہدہ جاری نہیں رکھنا چاہتے تھے۔
مائیک بیئرڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ کافی غور و فکر کے بعد انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور ڈائریکٹر کے عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ بون نے عبوری چیئرمین کا کردار ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور وہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران ان کے ساتھ ذمہ داریوں کی منتقلی کا عمل مکمل کریں گے۔
مائیک بیئرڈ نے کہا کہ انہیں کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ اور کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز میں کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ کی جانب سے رواں ماہ بگ بیش لیگ میں نجی سرمایہ کاری کے منصوبے کی منظوری دی جاچکی ہے۔ اس عمل کے تحت میلبورن رینیگیڈز پہلا کلب ہوگا جسے فروخت کیا جائے گا اور یہ عمل رواں سال کے اختتام سے قبل بھی شروع ہوسکتا ہے۔
بگ بیش لیگ میں نجی سرمایہ کاری لانے کی کوشش کی قیادت مائیک بیئرڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کر رہے تھے۔
اس منصوبے کے تحت ’’سیلف ڈیٹرمنیشن‘‘ ماڈل پیش کیا گیا ہے، جس میں ہر ریاست کو اپنے لیے راستہ منتخب کرنے کی اجازت ہوگی۔تاہم بگ بیش لیگ میں نجی سرمایہ کاری کے معاملے پر کرکٹ کے حلقوں میں اختلافات موجود ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز طویل عرصے سے اس عمل کی مخالفت کرتا رہا ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ اگر کرکٹ کو مزید رقم درکار ہے تو نجی سرمایہ کاری کے بجائے دیگر طریقوں سے آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔
مائیک بیئرڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں سال کرکٹ آسٹریلیا ریکارڈ آمدنی، منافع، حاضری اور ناظرین کی تعداد رپورٹ کرے گا جبکہ گزشتہ 4 برسوں کے دوران کرکٹ میں شرکت میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑیوں اور کپتانوں پیٹ کمنز، مچل مارش، ایلیس ہیلی اور سوفی مولینکس کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مائیک بیئرڈ کے کرکٹ آسٹریلیا سے الگ ہونے کے ساتھ ہی ان کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) سے وابستہ کردار بھی ختم ہوجائے گا، جہاں انہوں نے چیئرمین جے شاہ کے ساتھ کام کیا۔
ڈیوڈ بون کو 2025 میں کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ آسٹریلیا کی جانب سے 107 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں اور اس سے قبل آئی سی سی میچ ریفری اور 2000 سے 2011 تک آسٹریلوی سلیکشن پینل کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔



