اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے زیادہ درجہ حرارت والے علاقوں میں ممکنہ اثرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا 18واں اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، پی ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات اور دیگر وفاقی و صوبائی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ موسمی صورتحال، درجہ حرارت میں اضافے، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور آئندہ دنوں میں متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
این ڈی ایم اے نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت مون سون کا کوئی فعال نظام موجود نہیں، تاہم آئندہ دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ درجہ حرارت والے علاقوں میں ممکنہ اثرات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھیں۔
اجلاس میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے ذریعے ملک کی موسمی اور ہائیڈرولوجیکل صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ اور موسمی صورتحال میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی کی صورت میں بروقت وارننگز اور ایڈوائزریز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
این ڈی ایم اے نے وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ موسمی یا ہائیڈرولوجیکل خطرے سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاری برقرار رکھیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) ملک کی موسمی اور ہائیڈرولوجیکل صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گا، جبکہ عوام اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے صورتحال کے مطابق ایڈوائزریز جاری کی جائیں گی۔



