پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سینچری اسکور کی بلکہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے نہ صرف ون ڈے فائنل میں سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ بلکہ 16 سال بعد تین ملکی ون ڈے سیریز میں کامیابی بھی حاصل کر لی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر 36 سالہ فخر زمان نے یہ سنگ میل اپنے کیریئر کے 97ویں ایک روزہ میچ میں عبور کیا اور پاکستان کی جانب سے 4 ہزار رنز بنانے والے 16ویں کھلاڑی بن گئے۔
سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن مقابلے میں فخر زمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 84 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔ جبکہ انہوں نے 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 127 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس کے بعد وہ بولڈ ہوگئے۔
یہ فخر زمان کے ایک روزہ کیریئر کی 12ویں سینچری تھی، جبکہ ہدف کے تعاقب میں انہوں نے چوتھی مرتبہ 100 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔
قومی ٹیم کے اوپنر اب تک 97 ایک روزہ میچوں کی 96 اننگز میں مجموعی طور پر 4016 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کے کیریئر میں 12 سینچریاں اور 20 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں انضمام الحق پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ محمد یوسف دوسرے اور سعید انور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اس فہرست میں شاہد آفریدی چوتھے، شعیب ملک 5ویں، جاوید میانداد چھٹے، یونس خان 7ویں، سلیم ملک 8ویں، بابر اعظم 9ویں اور محمد حفیظ 10ویں نمبر پر ہیں۔
فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف اہم فائنل میں سینچری بنا کر اپنے کیریئر میں ایک اور نمایاں اعزاز کا اضافہ کرلیا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ اور پاکستان کو جیت کے لیے 326 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ تاہم پاکستانی بلے بازوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔


