ملک بھر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 14 روپے 73 پیسے بڑھا دی گئی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ رات کو ڈیزل بھی مہنگا کر دیا ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 173 روپے 86 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر ہو گئی ہے۔ اکتوبر میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی ٹن پروڈیوسر قیمت میں 14 ہزار 733 روپے 98 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نومبر کے لیے پروڈیوسر قیمت 2 لاکھ 52 ہزار 775 روپے 47 پیسے فی ٹن مقرر کی گئی ہے، جبکہ صارف قیمت 2 لاکھ 94 ہزار 75 روپے 47 پیسے فی ٹن ہو گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق گزشتہ ماہ کے مقابلے میں سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس میں 6.47 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں 0.12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایل پی جی کی صارف قیمت میں مجموعی طور پر 5.27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔



