قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے تین ملکی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان کیخلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔ سری لنکا نے 7 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 40 رنز بنائے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق شاداب خان ان فٹ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے ، شاداب خان کو سری لنکا کیخلاف میچ میں باؤنسر لگا تھا۔
دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، ایشان ملنگا کی جگہ مہیش تھیکشانا کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے سری لنکا کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس بھی فائنل جیتنے کیلئے پرعزم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ فائنل ہمارے لیے ایک بڑا اور اہم میچ ہے، فائنل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔
پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دونوں جبکہ سری لنکا کے خلاف ایک میچ جیتا، گرین شرٹس کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔



