پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے طالبان رجیم کی متعدد چوکیاں تباہ کردیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فورسزملکی دفاع اورعوام کےتحفظ کیلئے پرعزم ہیں اور قومی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سول آبادی کو نشانہ بنانے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
#PakistanArmy gave a befitting reply to unprovoked firing by the #AfghanTaliban along the #PakAfghanBorder in the #AngoorAdda area on Tuesday last
@OfficialDGISPR #RadioPakistan #News
https://t.co/tXv47zjRm0 https://t.co/2RNBMoVhQa— Radio Pakistan (@RadioPakistan) October 30, 2026
یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں 27 اکتوبر کو افغان طالبان نے شہری آبادی کونشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک گھر پر گولہ گرنے سے ایک شہری شہید اور ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان نے افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کے جاں بحق اور5 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغان طالبان رجیم نے 27 اکتوبر کی شب انگور اڈہ بازار اور شہری گھروں کو بلااشتعال نشانہ بنایا۔
Afghan Taliban Regime fired unprovoked on civilian houses & Angoor Adda Bazar, South Waziristan (Lower), night of 27 Oct. One civilian killed, five injured by a mortar round, many shops damaged.
Pakistan Forces on the border have and are responding effectively and heavily.
— Deputy Commissioner South Waziristan Lower (@dcswlower) October 27, 2026
مارٹر گولہ لگنے سے ایک شہری جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ افغان طالبان کی فائرنگ سے متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پاک افغان کشیدگی
اسلام آباد نے کابل میں طالبان انتظامیہ سے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں خصوصاً کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک پناہ گاہوں کو ختم کرے، جہاں سے پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ان مطالبات پر تاحال کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔
رواں سال ستمبر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی اور جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
21 ستمبر کو خیبر پختونخوا میں حالیہ بڑے دہشت گرد حملوں کے جواب میں پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے ’محدود اور ہدف کے مطابق‘ فضائی حملے کیے۔ حکومت کے مطابق ان حملوں میں 28 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔
وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس کارروائی کو آپریشن غضب للحق کا حصہ قرار دیا تھا، جو رواں سال 26 فروری کی رات افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال سرحد پار فائرنگ کے جواب میں شروع کیا گیا تھا۔
چند روز بعد پاکستان نے سرحد پار سے آنے والے 8 ڈرون مار گرائے، جو طورخم سرحد اور کوہاٹ کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔
11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 12خوارج ہلاک ہوگئے، خوارج کی دراندازی میں معاونت کیلئے افغان طالبان کی چوکیوں سے بھی فائرنگ کی گئی۔فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوئے۔
25 ستمبر کو سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاک افغان سرحد پر چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی جارحیت اور دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان کی جانب سے اشتعال انگیز فائرنگ کی گئی جس کا پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹرز اور مارٹر فائر سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے۔

