اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حوثی ملیشیا نے ابہا، خمیس مشیط اور نجران میں شہری اور اقتصادی اہداف کو نشانہ بنایا، جو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کہ سعودی عرب پر حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور یہ حملے یمن کے تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان نے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس سے قبل اایکس پر جاری ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے ایسے بزدلانہ حملوں کو معصوم انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ قراردیتے ہوئے کہا کہ “ہم سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔”
I condemn in the strongest terms, the cowardly attack by Houthis targeting civilian and energy facilities in the Kingdom of Saudi Arabia, which have left many people injured.
Pakistan stands in unwavering solidarity with the Custodian of the Two Holy Mosques, His Majesty King…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 8, 2026
واضح رہے کہ سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی بن صالح المالکی نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے اتحاد کی جانب سے ‘سخت جوابی کارروائی’ کا عندیہ بھی دیا۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب حوثیوں نے سعودی عرب پر یمن کے مختلف علاقوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنانے کا الزام لگایا۔
حوثیوں کے خبر رساں ادارے صبا نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے صوبہ الجوف، البیضا، مأرب اور تعز میں مختلف مقامات کو فضائی حملوں اور کروز میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
اس کے علاوہ شمالی شہر الحزم میں ایک جیل پر فضائی حملے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ حوثیوں کے مطابق حملے میں ایک بچے سمیت 7 افراد ہلاک اور خاتون سمیت کم از کم 7 زخمی ہوئے۔
