ہالی ووڈ کی مشہور سائنس فکشن سیریز ’اسٹار ٹریک‘ اور فلم سیریز ’ایکس مین‘ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے برطانوی اداکار سر پیٹرک اسٹیورٹ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اداکار کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق پیٹرک اسٹیورٹ لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے، وہ الزائمر اور لیوی باڈی ڈیمینشیا میں مبتلا تھے جبکہ ان کے آخری لمحات میں اہلیہ سنی اوزیل ان کے ساتھ موجود تھیں۔
پیٹرک اسٹیورٹ نے ’اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن‘ میں کیپٹن ژاں لوک پیکارڈ کا کردار ادا کرکے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔
In lieu of flowers, memorial contributions may be made to:
Johns Hopkins Alzheimer’s Disease Research Center Fund
https://t.co/luC5CdcWDy
Alzheimer’s Foundation of America Caregiver Resources
https://t.co/zvNptfyuNdPhoto Credit: Tommy Garcia https://t.co/XNncEVq56X
— Patrick Stewart (@SirPatStew) October 29, 2026
اس کے علاوہ فلم سیریز ’ایکس مین‘ میں پروفیسر چارلس زیویئر کا کردار بھی ان کی پہچان بنا۔ ان کے دونوں کردار سائنس فکشن اور سپر ہیرو فلموں کے شائقین میں بے حد مقبول رہے۔
اداکار نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران تھیٹر، فلم اور ٹیلی ویژن میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور 160 سے زائد کردار ادا کیے، انہوں نے 1960 کی دہائی میں رائل شیکسپیئر کمپنی کے ساتھ کام شروع کیا اور اسٹیج اداکاری میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔
پیٹرک اسٹیورٹ نے 47 برس کی عمر میں ’اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن‘ میں کیپٹن پیکارڈ کا کردار ملنے کے بعد عالمی سطح پر غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے اسی کردار کو مختلف فلموں اور سیریز میں بھی نبھایا۔
انہیں 2010 میں ڈرامے کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں برطانوی اعزاز ’نائٹ ہڈ‘ سے نوازا گیا تھا، ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔



