اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروباری شخصیات کی مشاورت سے آگے بڑھنا ہے اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تاجر برادری اور صنعتکاروں سے ملاقات میں کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی ترجیح ہے اور برآمدات میں اضافے کے لیے تمام چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ سے قبل بھی صنعتکاروں سے ملاقاتیں کر کے مشاورت کی گئی تھی، جن میں سیر حاصل گفتگو ہوئی اور کئی تجاویز پر عملدرآمد کیا گیا۔ جبکہ ٹیم ورک کے ذریعے بڑی اصلاحات کی گئیں اور کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ اب کاروباری شخصیات کی مشاورت سے ہی آگے بڑھنا ہے اور اس کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود مشاورت سے بنیادی اصلاحات کی گئیں، جبکہ انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے وصول کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے کاروباری برادری سے مشاورت کے ذریعے اقدامات کیے جائیں گے۔ برآمدات میں اضافے کے لیے تمام درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے 50 الیکٹرک گاڑیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نئی الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں ماحول دوست اور گرین پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔


