فیفا ورلڈ کپ2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ ٹیم کو3 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4-6 سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
فیفا ورلڈ کپ فائنل، ٹکٹوں کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
فیفا کی جانب سے دسمبر 2025 میں اعلان کیا گیا تھا کہ 48 ٹیموں پر مشتمل تاریخ کے سب سے بڑے ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم کا مجموعی فنڈ بھی ریکارڈ 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رکھا گیا ہے۔ اس رقم کو تمام شریک 48 ٹیموں میں ان کی کارکردگی کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔

فوٹو:سوشل میڈیا
اب ٹورنامنٹ میں صرف فائنل میچ باقی ہے، جہاں اسپین اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔
فیفا کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے۔
فیفا کا ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی اور گولڈ میڈلز کیساتھ پہلی بار انگوٹھی بھی دینے کا اعلان
نویں سے سولہویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں، جن میں میکسیکو، کولمبیا، برازیل، امریکا، پرتگال، کینیڈا، مصر اور پیراگوئے شامل ہیں، کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر فی ٹیم ملیں گے۔
سترہویں سے بتیسویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ تینتیسویں سے اڑتالیسویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو 90 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
فیفا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو مقابلوں کے آغاز سے قبل تیاریوں کے اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے گئے۔
برطانیہ کا فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی جانب سے فاک لینڈز بینر لہرانے پر تحقیقات کا مطالبہ
واضح رہے کہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا نے چیمپئن بننے پر 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے، جبکہ 2018 میں فرانس کو عالمی چیمپئن بننے پر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملی تھی۔ 2026 میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے، جو فیفا کی بڑھتی ہوئی مالی استعداد اور ٹورنامنٹ کی عالمی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔
