لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست دفن ہو چکی لیکن وہ اپنے متنازعہ بیانات کے ذریعے سیاست چمکانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی کارکن اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ مسلم لیگ ن کا ہر کارکن ملکی ترقی اور استحکام پر یقین رکھتا ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے 1947 میں پاکستان کے ساتھ الحاق کی اپنی رائے دے دی تھی، اسی لیے 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ رشتہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا، جبکہ مہاجرین جموں و کشمیر نے اپنی سرزمین کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کی نشستیں ختم کرنے کا دم کسی میں نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب خطے کے مستقبل کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن نورین نیازی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں اس بیان پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ایسے بیانات کو بھارتی میڈیا میں پذیرائی ملتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اس قسم کے بیانات کے ذریعے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے، حالانکہ اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ یہ اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کوبدنام کرنا چاہتے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے بجائے خواب غفلت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ “معرکہ حق” میں پاکستان کی کامیابی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو عالمی سطح پر سراہا گیا، مگر بعض عناصر اپنی سیاسی مفادات کی خاطر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کا احترام ہر سیاسی جماعت پر لازم ہے، کیونکہ پاکستان قائم ہے تو سیاست بھی قائم ہے، جبکہ ملک مسلسل ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔
