این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 سے 23 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی، ہل ٹورنٹس اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، اتھارٹی نے متعلقہ صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہنگامی اقدامات مکمل رکھنے اور عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 23 جولائی کے دوران گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں ہل ٹورنٹس اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ دریائے چناب کے مرالہ ہیڈورکس اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی حصوں میں سیلابی ریلے گزرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ دریائے پنجکوڑہ، سوات اور چترال میں بھی طغیانی آ سکتی ہے، نوشہرہ میں دریائے کابل کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کے باعث ہائی الرٹ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ادارے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ، شنگلہ، اپر و لوئر کوہستان، مانسہرہ اور ہری پور میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں برساتی ندی نالوں اور ہل ٹورنٹس میں طغیانی آ سکتی ہے۔
شہری علاقوں میں بھی بارشوں کے اثرات نمایاں رہنے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور شیخوپورہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
آزاد کشمیر کے اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور پونچھ میں دریاؤں اور معاون ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پنجاب اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں، خصوصاً ڈی جی خان، راجن پور، بارکھان، لورالائی اور ژوب میں بھی برساتی نالوں اور ہل ٹورنٹس میں اچانک سیلاب آ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو ٹیموں، بھاری مشینری اور ہنگامی عملے کو مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے،وزیر اعظم
اتھارٹی نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ موسم اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔
