فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم ایک نئے تنازعے میں گھر گئی، جب کھلاڑیوں نے جشن کے دوران “Las Malvinas son Argentinas” (فاک لینڈز/مالویناس ارجنٹینا کے ہیں) لکھا بینر اٹھا لیا۔
برطانوی وزیر تجارت و کاروبار پیٹر کائل نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی جانب سے فاک لینڈز سے متعلق بینر لہرانے کو فیفا قوانین کی واضح خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی فٹبال تنظیم کے ضابطوں کے تحت کھیل کے میدان میں سیاسی نوعیت کے بینرز، نعرے یا علامات کی اجازت نہیں، اس لیے اس واقعے کو معمولی نہیں سمجھا جا سکتا۔
فیفا ورلڈکپ 2026، سب سے زیادہ فاؤلز کرنے والی ٹیم ارجنٹینا نکلی
پیٹر کائل نے فیفا سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کی جامع تحقیقات کرے اور اگر قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہو جائے تو ارجنٹینا کی ٹیم کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا کہ کھیل کے میدان کو سیاسی پیغامات کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور فاک لینڈز برطانیہ کا خودمختار علاقہ ہیں۔
برطانیہ کا مؤقف ہے کہ فیفا کے ضابطہ اخلاق کے تحت اسٹیڈیم میں سیاسی یا نظریاتی نوعیت کے بینرز اور پیغامات کی اجازت نہیں، اس لیے ارجنٹینا کے خلاف تادیبی کارروائی کی جانی چاہیے۔ ممکنہ سزا میں جرمانہ یا دیگر انضباطی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹینا کی ٹیم پر ممکنہ کارروائی کے بادل منڈلانے لگے
ادھر ارجنٹینا میں اس بینر کی حمایت بھی سامنے آئی۔ ارجنٹینا کی قیادت نے اسے ملک کے تاریخی مؤقف کا اظہار قرار دیا تاہم اس بات کا اعتراف بھی کیا گیا کہ فیفا اس معاملے پر کارروائی کر سکتا ہے۔
فاک لینڈز (مالویناس) جنوبی بحرِ اوقیانوس میں واقع برطانوی زیرِ انتظام جزائر ہیں، جن پر ارجنٹینا بھی خودمختاری کا دعویٰ کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 1982 میں اسی تنازع پر جنگ بھی ہو چکی ہے جس کے بعد سے یہ معاملہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک حساس معاملہ رہا ہے۔
