فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فاتح کو پہلی بار روایتی ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز (انگوٹھیاں) بھی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
فیفا کے مطابق یہ کسی بھی فیفا مقابلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو گا کہ فاتح ٹیم کو امریکی کھیلوں کی معروف روایت کے مطابق خصوصی چیمپئن شپ رنگز دی جائیں گی ، ورلڈ کپ کی مناسبت سے تیار کردہ ان رنگز کی مجموعی تعداد 2026 ہو گی۔
فیفا کا کہنا ہے کہ ان میں سے 30 رنگز فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مخصوص ہوں گی، جبکہ باقی 1996 رنگز دنیا بھر کے شائقین کے لیے آفیشل لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی۔
فیفا ورلڈکپ 2026، سب سے زیادہ فاؤلز کرنے والی ٹیم ارجنٹینا نکلی
فیفا کے مطابق ہر رنگ کے ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن ہو گا جبکہ دوسری جانب فاتح ٹیم کی شناخت نمایاں کی جائے گی۔ ہر رنگ منفرد نمبر، سرٹیفکیٹ آف آتھنٹیسٹی اور متعلقہ کھلاڑی کے مطابق خصوصی سائز کے ساتھ تیار کی جائے گی۔
فیفا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فائنل کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی انگوٹھیاں دی جائیں گی ، فاتح ٹیم کے لیے تیار کی جانے والی تمام 30 مستقل رنگز بعد ازاں تمام نکات مکمل کرکے ایک خصوصی تقریب میں باضابطہ طور پر پیش کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل کل 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
