وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے اور نورین نیازی کا حالیہ بیان انتہائی افسوسناک اور سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ نورین نیازی کے بیان سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ عناصر پاکستان کے خلاف پراکسیز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کے بچوں کی پرورش، فنڈنگ اور بیانیہ سب پاکستان مخالف ہے۔
عمران خان جیل میں ہیں تو کیا ہم نے کھانا چھوڑ دیا؟ نورین نیازی کا تنقید پر جواب
وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے نہ صرف ریاستی اداروں بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی نے ملک کو ڈیفالٹ کرانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا، آئی ایم ایف کو خطوط لکھے اور عالمی مالیاتی ادارے کے باہر مظاہرے بھی کیے تاکہ پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کیا جا سکے۔
طلال چودھری نے کہا کہ ان عناصر کا ہدف صرف ادارے نہیں بلکہ خود پاکستان ہے اور بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی مسلسل ملک کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کے مبینہ گٹھ جوڑ کے باوجود پاکستان کی کامیابی نے پوری مسلم دنیا کا سر فخر سے بلند کیا، لیکن کچھ عناصر اس قومی کامیابی کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ نورین نیازی کے متنازع بیان پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قانون کے مطابق تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے استحکام، قومی سلامتی اور معیشت کو سبوتاژ کرنے والے ہر اقدام کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور ریاست مخالف سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
سہیل آفریدی کی حسان نیازی کی والدہ نورین خان اور اہلِ خانہ سے ملاقات
طلال چودھری نے مزید کہا کہ حکومت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قانونی اور آئینی قدم اٹھائے گی اور ایسے بیانات یا اقدامات، جو پاکستان کے خلاف سمجھے جائیں، ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
نورین نیازی کی طلبی
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ سوشل میڈیا مہم پر طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو 20 جولائی دن 12 بجے اسلام آباد میں طلب کیا ہے، این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف جھوٹے، تضحیک آمیز بیان کی تشہیر کی گئی، عدم پیشی پر یہ سمجھا جائے گا کہ دفاع میں پیش کرنے کو کچھ نہیں۔

این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری طلبی کے نوٹس کا عکس
یاد رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کا معرکہ حق اور پاک فوج سے متعلق متنازع بیان سامنے آیا تھا۔
نورین نیازی نے معرکۂ حق کو افواجِ پاکستان اور مودی کا گٹھ جوڑ قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ مودی کے ساتھ مل کر ڈرامہ کیا گیا، مودی چاہتا تو دو منٹ میں انہيں فکس کر دیتا، وہ اس لیے رکا کہ اسرائيل ان کے پیچھے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان سے اسرائیل کو تسلیم کرانا تھا، ٹرمپ بھی اسی لیے ان کی تعریفیں کرتا ہے ، ورنہ آپ کا کیا خیال ہے ، یہ ٹرمپ کو اچھے لگتے ہيں۔
نورین نیازی نے کہا کہ انہوں نے ابراہم اکارڈ کرانا تھا، اسرائیل سے پاکستان کے رابطے تھے ، اسی لیے یہ سارا ڈرامہ پاک فوج کو عزت دلانے کے لیے کیا گيا۔
این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو انکوائری کے سلسلے میں اسلام آباد میں بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
