امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران مفاہمتی یاددشت پر عمل کرے یا نہ کرے ، مجھے اس کی ذرا بھی پرواہ نہیں۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر نے امریکی کیبل نیوز نیٹ ورک نیوز نیشن کو مختصر ٹیلی فونک انٹرویو دیا، جب ان سے تہران کے اس اعلان کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ گزشتہ ماہ امریکہ اور ایران کے درمیان دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی پابندی نہیں کرے گا، تو ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دہرایا کہ جنگ کا بنیادی مقصد ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دینا ہے۔ امریکی پالیسی کا محور ایران کے جوہری پروگرام کو محدود رکھنا ہے اور واشنگٹن اس معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ ماہ جون کے وسط میں ایک مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کا خاتمہ تھا۔
حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز کے انتظام، بحری نقل و حمل اور سلامتی سے متعلق اختلافات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں مفاہمتی یادداشت کی افادیت بھی متاثر ہوئی۔
ادھر روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد صدر ٹرمپ نے پینٹاگون کو پوری شدت سے ایران پر بمباری کا حکم دیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ صورتحال دیکھ کر مجھے بے حد دکھ ہے، میں ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دوں گا، اگر ایران ڈیل پر عمل نہیں کر رہا تو امریکا کو بھی فکر نہیں۔
