بنگلا دیش کے آل راؤنڈر محمد سیف الدین نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔
انہوں نے آخری اوور میں مسلسل چار چھکے لگا کر بنگلا دیش کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مسلسل چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بلاوایو میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کی اننگز اس وقت مشکلات کا شکار ہوگئی جب اوپنرز کے اسکور کو 100 سے آگے لے جانے کے بعد صرف 13 گیندوں کے اندر ٹیم نے پانچ وکٹیں گنوا دیں، ایک موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ بنگلا دیش 150 رنز تک بھی نہیں پہنچ سکے گا۔
تاہم محمد سیف الدین نے یاسر علی کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کا مجموعہ ایک مضبوط اسکور تک پہنچایا، آخری اوور میں زمبابوے کے بولر ایونز کے خلاف سیف الدین نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے چار گیندوں پر مسلسل چار چھکے لگا دیے۔
ایونز نے آخری اوور کا آغاز لو فل ٹاس سے کیا جسے سیف الدین نے اسکوائر لیگ کے اوپر سے چھکے کے لیے بھیج دیا۔ اگلی گیند پر انہوں نے مڈ وکٹ کے اوپر ایک اور چھکا لگایا۔ تیسری گیند قدرے شارٹ تھی جسے فائن لیگ کے اوپر سے باؤنڈری کے پار پہنچایا، جبکہ چوتھی گیند پر دوبارہ مڈ وکٹ کے اوپر چھکا لگا کر مسلسل چار چھکوں کا کارنامہ مکمل کرلیا۔
سیف الدین صرف 10 گیندوں پر 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ 2017 میں جنوبی افریقہ کے شہر پوچفسٹروم میں ڈیوڈ ملر نے بنگلہ دیشی بولر محمد سیف الدین کو ٹی20 انٹرنیشنل میں مسلسل پانچ چھکے لگائے تھے، جو آج بھی کسی بنگلہ دیشی بولر کے خلاف سب سے زیادہ مسلسل چھکوں کا ریکارڈ ہے۔
آئی سی سی نے محمد نواز کیخلاف اینٹی ڈوپنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا
ٹی20 انٹرنیشنل میں مسلسل چھ چھکوں کا ریکارڈ بھی موجود ہے، جو نیپال کے دیپیندر سنگھ ایری نے دو مرتبہ قائم کیا، جبکہ ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اور بھارت کے یوراج سنگھ بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم مہدی حسن اور راشد حسین کی شاندار بالنگ کی وجہ سے صرف 152 رنز پر آؤٹ ہو گئی، مہدی حسن نے تین جبکہ راشد حسین نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بنگلا دیش نے یہ میچ 34 رنز سے جیت لیا۔
