واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا میں لگنے والی جنگلاتی آگ کے دھوئیں سے امریکا میں فضائی آلودگی بڑھنے پر کینیڈا کو ٹیرف میں اضافے کی دھمکی دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کینیڈا کی جانب سے جنگلاتی آگ پر قابو پانے میں غفلت کے باعث ہر سال امریکا کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال اب ایک سالانہ مسئلہ بنتی جا رہی ہے اور اس کی معاشی قیمت کینیڈا کو اضافی ٹیرف کی صورت میں ادا کرنا ہو گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ صورتحال محض ایک حادثہ نہیں بلکہ جان بوجھ کر کی جانے والی غفلت ہے، جو اب ہر سال پیش آنے والا معمول بنتی جا رہی ہے۔
ادھر کینیڈا اور شمالی مینیسوٹا سے اٹھنے والے جنگلاتی آگ کے گھنے دھوئیں کے بادلوں کے باعث امریکا کے مختلف علاقوں میں ہوا کا معیار غیر صحت بخش قرار دیتے ہوئے انتباہات جاری کیے گئے ہیں۔
کینیڈا کے وائلڈ لینڈ فائر انفارمیشن سسٹم کے مطابق ملک بھر میں اس وقت 937 مقامات پر جنگلاتی آگ فعال ہے، جن میں سے بیشتر پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ویڈیو وائرل
ماہرین کے مطابق جنگلاتی آگ سے اٹھنے والا دھواں سرحد پار کرتے ہوئے امریکا کی متعدد ریاستوں تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد فضائی آلودگی سے متاثر ہو رہے ہیں۔
