فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اوپٹا سپر کمپیوٹر نے اسپین کو ٹائٹل کا مضبوط امیدوار قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں آج رات دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور 2010 کے عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے ہوگا۔ ارجنٹائن اپنی تاریخ کا ساتواں ورلڈ کپ فائنل کھیل رہا ہے، جبکہ اسپین دوسری مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
اوپٹا کے اے آئی سپر کمپیوٹر نے 25 ہزار ڈیجیٹل سیمولیشنز کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ اسپین کے عالمی چیمپئن بننے کے 59.6 فیصد امکانات ہیں، جبکہ ارجنٹائن کی کامیابی کے امکانات 40.4 فیصد بتائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسپین کے مقررہ 90 منٹ میں میچ جیتنے کا امکان 45 فیصد ہے، جبکہ میچ کے اضافی وقت میں جانے کے امکانات 29 فیصد ہیں۔ ارجنٹینا کے مقررہ وقت میں کامیابی حاصل کرنے کا امکان 26 فیصد ظاہر کیا گیا ہے۔
اگرچہ مصنوعی ذہانت کے ماڈل نے اسپین کو معمولی برتری دی ہے، تاہم فٹبال کے ماہرین اور شائقین کے مطابق ورلڈ کپ فائنل میں اصل فیصلہ میدان میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی ہی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ میں ایمباپے کا نیا عالمی ریکارڈ، میسی دوسرے نمبر پر چلے گئے
واضح رہے کہ اوپٹا سپر کمپیوٹر روایتی کمپیوٹر نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک تجزیاتی ماڈل ہے، جو مختلف شماریاتی اعداد و شمار اور ہزاروں سیمولیشنز کی مدد سے کھیلوں کے نتائج کی پیشگوئی کرتا ہے۔
