ریاض: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے روزانہ کی لازمی کیٹرنگ فیس کو عمرہ ویزا فیس میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کا اطلاق ابتدائی مرحلے میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر کے زائرین پر ہو گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ زائر سے تقریباً 20 سعودی ریال یومیہ نسک میل واؤچر کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم الگ سے لینے کے بجائے براہ راست عمرہ ویزا فیس میں شامل ہو گی، جس طرح نسک پلیٹ فارم پر لازمی ٹرانسپورٹ سروسز کی فیس وصول کی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی پالیسی کا نفاذ یکم ربیع الاول سے ہو گا۔ اس پروگرام کے تحت 10 ہزار سے زائد ریستورانوں کو نسک ایپ سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین کو کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
نئے نظام کے مطابق ہر عمرہ زائر کو ویزا جاری ہونے سے قبل ایک منفرد بی آر این میل کوڈ جاری کیا جائے گا، جو اس کے ویزا سے منسلک ہو گا۔ زائرین قیام کے دوران اسی کوڈ کے ذریعے منظور شدہ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔ واؤچر کی مالیت زائر کے قیام کے دورانیے کے مطابق طے کی جائے گی اور ویزا جاری ہونے سے قبل اس کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
سعودی حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اس نظام کا اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر پر کیا جا رہا ہے، جبکہ بعد ازاں اسے دیگر ممالک تک بھی توسیع دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکا سے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان
نئی پالیسی کے بعد عمرہ ٹریول ایجنسیوں کو اپنے پیکیجز کی قیمتوں میں کیٹرنگ کی نئی لاگت شامل کرنا ہو گی، جبکہ یہ بھی یقینی بنانا ہو گا کہ ان کے کیٹرنگ پارٹنرز نسک پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہوں، بصورت دیگر عمرہ ویزا کے اجرا میں تاخیر یا رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔
