کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی ہے کیونکہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ممکنہ شیڈول کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عالمی کپ آئندہ سال 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 54 میچز منعقد ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا مرکزی میزبان ہوگا جہاں 8 مختلف وینیوز پر 41 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے علاوہ زمبابوے میں 8 سے 10 میچز کی میزبانی متوقع ہے جبکہ نمیبیا کو بھی تین میچز کی میزبانی ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 11 میں نئی ٹیموں کی شمولیت سے بورڈ کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ
ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں سات، سات ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جہاں سے سیمی فائنل اور فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہو جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجوزہ شیڈول پر مئی میں احمد آباد میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے دوران ابتدائی رضامندی دی جا چکی ہے جبکہ ورلڈ کپ کے فارمیٹ اور دیگر تفصیلات کی حتمی منظوری جولائی میں ہونے والی آئی سی سی سالانہ میٹنگ میں دیے جانے کا امکان ہے۔
