محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اوراس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی طاقتور ہوائیں ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں آج اور کل کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور گردونواح میں موسلا دھاربارش ہونے کا امکان ہے جبکہ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یاراورحیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہرکی گئی ہے۔
اسی طرح سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپوراورنوشہرو فیروزمیں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روزتک مطلع ابر آلود اورموسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ آئندہ تین روز کے دوران وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
پشاور، پی ڈی ایم اے کی 19 جولائی سے 26 جولائی تک نقصانات کی رپورٹ جاری
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ پیراورمنگل کے روز کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، بجلی کے کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پرعمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
